Live Updates

عمران خان کی قیادت میں قبائلی اضلاع کی احساس محرومیوں کاخاتمہ کریں گے ، وزیرصحت ہشام انعام اللہ

منگل 22 جنوری 2019 20:20

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا ہے کہ گزشتہ 70 سال سے قبائلی عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیاجو ان کے ساتھ انتہائی ناانصافی ہے، وزیراعظم عمران خان اور انہیں قبائلی عوام کے ساتھ اس سلوک اور ان کی محرومیوں کا احساس ہے، قبائلیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان کی قیادت میں ان کے احساس محرومیوں کاخاتمہ کریں گے اور انہیں صحت سمیت تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیگے ،انہوں نے قبائلی نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع دینے کا بھی اعلان کیا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع خیبرکے علاقے تیرا میدان میں قبائلی عمائدین اورنوجوانوں کے جرگہ سے خطاب کے دوران کیا، اس موقع پرمشیرصحت ڈاکٹر جواد واصف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ضلع خیبر جمشید خان،پا ک آرمی کے افسران اورمقامی مشران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان تاریخ میں پہلے وزیرہیں جنہوں نے تیرامیدان کے علاقہ کا دورہ کیاجس پر قبائلیوں نے انہیں خراج تحسین پیش کیا،پاک فوج کے مقامی سربراہان نے وزیرصحت کوبتایا کہ مقامی لوگوں کو معیاری طبی سہولیات دی جارہی ہیں جبکہ انہوں نے بعض ہسپتالوں میں عملے، سہولیات اور ادوایات کی کمی سے متعلق بھی آگاہ کیا،ڈاکٹر ہشام نے باغ کے علاقے میں زیرتعمیرسرکاری ہسپتال کا جائزہ لیااورہسپتال پر تعمیراتی کام تیز کرنے کے احکامات دیئے جبکہ مزید فنڈز فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی، بعدازاںتیرامیدان کے ایچ کیو23 بریگیڈباغ میں جرگہ سے خطاب میں ڈاکٹرہشام کا کہنا تھا کہ قبائلیوں کے تمام حقوق کا تحفظ کرینگے اورتعلیم وصحت سمیت انہیں تمام سہولیات فراہم کریں گے، انضمام کے بعد قبائلی اضلاع کو ترقی کی راہ پر ڈالیں گے، انہوں نے کہ وہ جلد وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کو قبائلی اضلاع میںتعلیمی اداروں، طبی مراکز، سڑکوں اور دیگر سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں گے، وزیراعلی خود بھی قبائلی اضلاع کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور قبائلی عوام کو قومی دھارے میں لانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔

انہوں نے امن کے قیام میں پاک آرمی اور مقامی عمائدین کے بے پناہ قربانیوں کو بھی سراہا۔ ڈاکٹر ہشام نے مقامی لوگوں کے مسائل سننے کے بعد ضلع خیبر میں مقامی لوگوں کو ملازمت کیلئے عمرکی حدمیں نرمی کا بھی اعلان کیا تاہم انہوں نے کہا کہ کوالیفیکیشن میں کوئی نرمی نہیں دے سکتے کیونکہ کم تعلیم یافتہ افراد بھرتی ہونے سے ہسپتالوں میں مقامی لوگوں کیلئے مشکلات پیدا ہوں گے، انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقوںکے طبی مراکز میں مانیٹرنگ کا نظام سخت کرینگے جس کے ذریعے ڈاکٹروں کی غیرحاضری سمیت سہولیات کی کمی اور خراب مشینوں وغیرہ کی نشاندہی ہوسکے گی،وزیرصحت نے ایجنسی سرجن کوایک ہفتے کے اندر ضلع خیبرکے صحت مسائل پرمبنی رپورٹ انہیں ارسال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں بہت جلد موبائل ہسپتال سروس شروع کرنے کے علاوہ دوردرازعلاقوں کیلئے تین ایمبولینسز فوری طور پر فراہم کی جائیں گی، وزیرصحت نے پاک آرمی 23 بریگیڈ کیجانب سے باغ میں منعقدہ میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا جہاں کیمپ میں ایک ہزار سے زائد مریضوں کامفت معائنہ کیا گیا ، وزیرصحت نے پاک فوج کے اس اقدام کو سراہا۔

ڈاکٹر ہشام نے ضلع خیبر میں یونیسف کے تعاون سے دوہیلتھ فیسیلیٹز کی تعمیر، بی ایچ یوز اور سول ڈسپنسریز کو فعال بنانے،ڈاکٹروں اوردیگرعملے کی حاضری یقینی بنانے اورہسپتالوں میں مقامی لوگوں کوملازمت دینے کا بھی اعلان کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات