Live Updates

ساہیوال میں انتہائی دلخراش واقعہ رونما ہوا، جیسے نہتے لوگوں پر ظلم کا پہاڑ توڑا گیا اسے پوری دنیا نے دیکھا‘پرویز ملک

افسوسناک واقعہ کے بعد حکومت نے کئی پینترے بدلے، پہلے دہشتگرد، پھر کہا گیا گاڑی کے شیشے کالے تھے‘خواجہ عمران نذیر

منگل 22 جنوری 2019 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویز ملک اور جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ ساہیوال میں انتہائی دلخراش واقعہ رونما ہوا، افسوسناک واقعہ کے بعد حکومت نے کئی پینترے بدلے،پہلے کہا گیا مرنے والے دہشتگرد تھے، پھر کہا گیا گاڑی کے شیشے کالے تھے لیکن جس طرح سے نہتے لوگوں پر ظلم کا پہاڑ توڑا گیا اسے پوری دنیا نے دیکھا۔

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے لاہورمیں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح سابق حکومت میں ماڈل ٹاؤن اور قصور واقعے پر عمران خان نے سیاست چمکائی، ہم اس طرح اس واقعے پر سیاست نہیں کرنا چاہتے تاہم جس طریقے سے ظلم اور زیادتی کی گئی شاید ہی اس کی کوئی مثال ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس اندوہناک واقعے پر ہر آنکھ اشکبار تھی لیکن وزیراعظم عمران خان نے چوبیس گھنٹے بعد صرف ایک ٹویٹ کیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا وزیراعظم کو سانحہ ساہیوال پر عوام کو جواب دینا ہوگا۔ اس واقعہ نے قوم کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ میں یہ نہیں کہتا ہم دھرنا نہیں دیں گے لیکن اصل حقائق سامنے آنے تک ان کو چین سے نہیں بیٹھنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو مشرف کے حالات سے عبرت حاصل کرنی چاہیے،وہ بھی مکے دکھا کر سیاسی مخالفین کو ڈرایا ددھمکایا کرتے تھے۔لیگی شیروں نے نہایت مشکل اور بدترین دھاندلی میں جنگ لڑی ہے طے شدہ منصوبے کے تحت پاکستان مسلم لیگ ن کو ہرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انشااللہ اچھا وقت آئے گا، ہمارا اور عوام کا رشتہ کوئی نہیں توڑ سکتا ہم چاہتے ہیں کہ باشعور عوام کو سیاسی قوتوں اور انکی کارکردگی کا پتہ چلنا چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات