موجودہ معاشی عدم استحکام نے کاروبار کو حددرجہ تک نقصان پہنچایا ہے، ڈاکٹر ارشد وہرا

تاجر برادری کو کاروبار کرنے کے لیے درکار سازگار ماحول دستیاب نہیں، ڈپٹی میئر کراچی

منگل 22 جنوری 2019 21:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) پاک سر زمین پارٹی کے رہنما و ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرا نے پی ایس 94 کے مرکزی الیکشن آفس سے جاری اپنے بیان میں کہا ہے کہ موجودہ معاشی عدم استحکام نے کاروبار کو حددرجہ نقصان پہنچایا ہے، تاجر برادری کو کاروبار کرنے کے لیے درکار سازگار ماحول دستیاب نہیں، عوام پہلے ہی مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے تھے، ملک میں برآمدات کا حدف حاصل کرنے کیلئے کوئی واضح پالیسی یا منصوبہ بندی نظر نہیں آتی۔

مخصوص اشیاء پر سیلز ٹیکس بڑھانے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن نے ہمارے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر کے دیا ہے، کرپشن کی وجہ سے ہمیں اور ہماری آئندہ آنے والی نسلوں کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن سے چھٹکارا حاصل کرنا ترقی کا واحد حل نہیں ہے بلکہ قانون کی بالادستی اور دستیاب وسائل کے بہترین استعمال کی طرف بھی بھرپور توجہ دینی ہو گی۔

اس وقت معیشت کی حالت یہ ہے کہ ہمیں اپنے پچھلے قرضوں کی ادائیگی کے لیے مزید قرضے لینے پڑ رہے ہیں۔ اس صورتحال میں مسائل کے حل کے لیے زبانی وعدوں اور دعووں کے بجائے عملی جدوجہد اور بہترین حکمت عملی کی ضرورت ہے جس کے لیے حکومت وقت کو تمام فریقین بالخصوص تاجر برادری کے حقیقی نمائندوں کو اعتماد میں لے کر لائحہ عمل مرتب کرنا چاہیے۔ ڈاکٹر ارشد وہرا نے کہا کہ پاک سر زمین پارٹی نے اپنے منشور میں بنیادی اصلاحات پیش کی ہیں جن کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔