سینیٹر سردار محمد شفیق ترین سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کے چیئرمین منتخب

اعتماد کرنے پر اراکین کمیٹی کا شکرگزار ہوں، منشیات سے نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے،تدارک کیلئے اراکین کے تعاون سے بھرپور اقدامات اٹھائے جائینگے ، نومنتخب چیئرمین

منگل 22 جنوری 2019 21:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) سینیٹر سردار محمد شفیق ترین کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات چیئرمین منتخب کرلیا گیا ۔ منگل کو چیئر مین کمیٹی کے انتخاب کیلئے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی کے چیئرمین کیلئے سینیٹر حاجی مومن خان آفریدی نے سینیٹر سردار محمد شفیق ترین کا نام تجویز کیا جس کی سینیٹر بریگیڈئیر ریٹائرڈ جان کینتھ ولیم نے تائید کی جس کے بعدسینیٹر سردار محمد شفیق ترین بلامقابلہ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین منتخب ہوئے۔

نومنتخب چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے انسداد منشیات سردار محمد شفیق ترین نے اراکین کمیٹی کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

اس میں کام کر کے قومی خدمت کا موقع ملے گا۔ پوری قوم منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر پریشانی کی حالت میں ہے۔ منشیات سے ہماری نوجوان نسل بھی تباہ ہو رہی ہے۔ اس کے تدارک کے لئے اراکین کمیٹی کے تعاون سے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے اور کوشش کی جائے گی کہ اداروں کے ساتھ مل کر ایسے اقدام لئے جائیں جس میں نوجوان نسل کو ملک کے قیمتی اثاثے میں تبدیل کر سکیں۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ جہاں ملک کے اندر منشیات کی نقل و حمل پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے وہاں سرحدوں پر بھی ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے جو ملک و قوم کیلئے مسائل کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری انتہائی اہم ہے اور ان اداروں کو موثر کردار ادا کرنے پر توجہ دینا ہوگی۔ چیئرمین کمیٹی نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خصوصی ہدایات دیں کہ بارڈر پر داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی کو موثر کیا جائے۔ کمیٹی اجلاس میں سینیٹرز رانا مقبول احمد ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم ، ڈاکٹر سکندر میندرو ، بریگیڈیئر (ر) جان کنتھ ویلمز اور حاجی مومن خان آفریدی کے علاوہ سینیٹ سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔