ڈھوک راجگان میں سنگدل بیٹے نے بیوی کے ساتھ ملکر بزرگ باپ کو قتل کردیا

جائیداد ہتھیانے کے لئے باپ کو قتل کیا،پولیس کی ابتدائی تحقیقات

منگل 22 جنوری 2019 21:20

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) راولپنڈی کے علاقے ڈھوک راجگان میں سنگدل بیٹے نے بیوی کے ساتھ ملکر بزرگ باپ کو قتل کر کے لاش نالے میں پھینک دی،پولیس اور ریسکیوٹیموں نے نالے سے لاش نکالنے کے لئے سرچ آپریشن کیا لیکن پانی کا بہاو زیادہ ہونے کی وجہ سے لاش تاحال نہ مل سکی۔اس حوالے سے ڈی ایس پی صدر بیرونی فرحان اسلم نے میڈیا کوبتایا ہے کہ ڈھوک راجگان کے رہائشی ناصر نے پولیس کو آکر بتایا کہ اس کے باپ کو نامعلوم افراد نے قتل کر کے لاش نالے میں پھینک دی ہے جس پر پولیس کو شک ہوا کہ شکایت کرنے والا بیٹا ہی قتل میں ملوث ہے جس سے تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا باپ اللہ دتہ سابق سرکاری ملازم تھا اور پنشن لینے کے لئے گاوں سے آیا تھا ،واپسی پر بیٹے کا احوال جاننے کے لئے اس کے گھر چلا گیاجہاں ناصر نے اپنی بیوی سے ملکر پہلے زیریلی چیز کھلائی اور بعد میں لاش کے ٹکڑے کر کے بوری میں ڈال کر نالے میں پھینک دیا اور ڈرامہ رچایا کو نامعلوم افراد نے قتل کیا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہناہے کہ ناصر کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے جبکہ اس کی اہلیہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی ہے۔ابتدائی تحقیقات میں بیٹا اپنے والد کی جائیداد ہتھیانا چاہتا تھا جس پر باپ کو قتل کیا گیا۔پولیس نے اللہ دتہ کی لاش کی تلاشی کے لئے اڈیالہ روڈ کے قریب ایک برساتی نالے میں ریسکیو1122کے ساتھ ملکر سرچ آپریشن کیا لیکن لاش نہ مل سکی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ناصر کی اہلیہ ملزمہ کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور بہت جلد اسے بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔