ْ احتساب عدالت میں پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ میں کروڑوں کے کرپشن کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی

منگل 22 جنوری 2019 21:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2019ء) احتساب عدالت کے جج محمد وسیم اختر نے پنجاب ہائی وے ڈیپارٹمنٹ میں کروڑوں روپے کے کرپشن کیس کی سماعت 4 فروری تک ملتوی کردی ۔ عدالت نے ملزمان عاطف اور محمد علی کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔ سابق لینڈ ایکوزیشن کلکٹر میاں عبدالرئوف کی بریت کی درخواست بھی زیر سماعت ہے۔ درخواست گزارکا موقف ہے کہ ہمیں غلط طور پر کیس میں ملوث کیا گیا لہٰذا 265K کے تحت بری کرنے کا حکم دیا جائے۔

(جاری ہے)

نیب پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب اس سے قبل میاں عبدالروف کے دو قریبی ساتھیوں غلام مصطفی اور محمد نسیم کو اسلام آباد سے گرفتارکر چکا ہے۔ رنگ روڈ اوردیگر سٹرکوں کی تعمیرو توسیع کے لئے حکومت کی طرف سے کروڑوں روپے کی رقم مختص کی گئی تھی۔ ملزمان وقار اور نواز وغیرہ نے میاں رئوف کی ملی بھگت سے زمین خریداری کیلئے کروڑوں روپے کی رقم سے خطیر رقم خرد برد کی۔ نیب لاہور مرکزی ملزم عبدالرئوف سمیت اب تک 6 ملزمان کو حراست میں لے چکا ہے جبکہ ایک ملزم میاں تفضل اس کیس میں پلی بارگین کے تحت رہائی حاصل کر چکا ہے۔