پاکستان میں ملاعمر کے بیٹے کی ہلاکت کی اطلاعات ، طالبان نے تردید کردی

منگل 22 جنوری 2019 21:40

پاکستان میں ملاعمر کے بیٹے کی ہلاکت کی اطلاعات ، طالبان نے تردید کردی
کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2019ء) افغان طالبان نے ملا عمر کے بیٹے اور سینئر رہنما ملا محمد یعقوب کی پاکستان میں ہلاکت کی خبروں کی تردید کردی ہے۔ملا محمد یعقوب طالبان کے بانی رہنما ملا عمر کے سب سے بڑے بیٹے اور افغانستان کے 34 صوبوں میں سے 15 میں طالبان کے فوجی کمیشن کے سربراہ ہیں۔غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملا عمر یعقوب کی صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جسے طالبان نے یکسر مسترد کردیا ہے۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے منگل کو جاری بیان میں اس خبر کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ سراسر جھوٹ ہے اور افغان حکومت اپنی شکست اور ندامت کو چھپانے کے لیے اس طرح کے جھوٹ گھڑ رہی ہے۔

(جاری ہے)

یہ پہلا موقع نہیں کہ ملا محمد یعقوب کی موت کی خبر سامنے آئی ہو بلکہ اس سے قبل 2015 میں بھی افغانستان کی نیشنل اسمبلی کے پہلے ڈپٹی اسپیکر ظاہر قادر نے کوئٹہ میں طالبان رہنما کی موت کا دعویٰ کیا تھا اور اس موقع پر بھی طالبان کی جانب سے اس خبر کی تردید کی گئی تھی۔

اگر ملا یعقوب کے قتل کی خبر درست ثابت ہوتی ہے تو اس سے ناصرف طالبان کے درمیان اتحاد پارہ پارہ ہو سکتا ہے بلکہ اس کے ساتھ ہی افغانستان میں 18سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے جاری مذاکرات پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔