سانحہ ساہیوال، مقتول ذیشان کی دہشت گرد عثمان ہارون کے ساتھ تصویر سامنے آگئی

منگل 22 جنوری 2019 22:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2019ء) ساہیوال واقعے میں جاں بحق ہونے والے ڈرائیور ذیشان کی فیصل آباد میں مارے گئے دہشت گرد کے ساتھ سیلفی موجود ہے۔نجی ٹی وی نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ سانحہ ساہیوال میں مقتول فیملی کے زیر استعمال گاڑی فیصل آبادمیں ہلاک ہونے والے دہشتگرد عدیل حفیظ کی ملکیت تھی۔ گاڑی عدیل نے آن لائن ایپلی کیشن کے ذریعے 9 مئی 2018 کو خریدی۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ گاڑی ثاقب محمد نامی شخص سے 6 لاکھ 80 ہزار روپے کی خریدی گئی تھی اور کچھ عرصے سے ذیشان جاوید کے استعمال میں تھی۔ خیال رہے کہ جس وقت سانحہ ساہیوال پیش آیا اس وقت گاڑی ذیشان چلا رہا تھا جسے حکومت دہشت گرد قرار دے رہی ہے۔نجی ٹی وی کو ذرائع نے مزید بتایا کہ فیصل آباد میں دہشت گرد عدیل حفیظ کے ساتھ عثمان ہارون نامی دہشت گرد بھی مارا گیا تھا اور ذیشان کے فون سے اس کی دہشت گرد عثمان کے ساتھ سیلفی بھی حاصل کرلی گئی ہے۔