Live Updates

پاکستان کو سعودی عرب سے 30 ارب ڈالرز کا پیکج ملنے کا امکان

سعودی ولی عہد دورہ پاکستان کے دوران پیکج کا اعلان کریں گے، 18 ارب ڈالرز آسان شرائط پر قرض کی مد میں جبکہ 12 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی، سرمایہ کاری کے معاملات سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران طے پائیں گے: امریکی جریدے کی رپورٹ میں دعویٰ

muhammad ali محمد علی منگل 22 جنوری 2019 22:29

پاکستان کو سعودی عرب سے 30 ارب ڈالرز کا پیکج ملنے کا امکان
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 جنوری2019ء) سعودی ولی عہد دورہ پاکستان کے دوران 30 ارب ڈالرز کے پیکج کا اعلان کرنے والے ہیں، 18 ارب ڈالرز آسان شرائط پر قرض کی مد میں جبکہ 12 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی جائے گی، سرمایہ کاری کے معاملات سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے دوران طے پائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان سے قبل بہت بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔

ایک امریکی جریدے کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان دورہ پاکستان کے دوران سرمایہ کاری پیکج میں مزید اضافے کا اعلان کر سکتے ہیں۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان معاملات طے پا رہے ہیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اگلے ماہ پاکستان کا خصوصی دورہ کریں گے۔

(جاری ہے)

سعودی ولی عہد وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب سعودی ولی عہد پاکستان کا دورہ کریں گے۔ امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے خواہاں ہیں۔ اس مقصد کیلئے وہ پاکستان کیلئے اعلان کردہ اقتصادی پیکج میں مزید اضافہ بھی کرنا چاہتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سعودی عرب پاکستان کو 6 یا 12 ارب ڈالرز کی بجائے 30 ارب ڈالرز کا اقتصادی پیکج دینے والا ہے۔

اس پیکج میں 18 ارب ڈالرز آسان شرائط کا قرض جبکہ 12 ارب ڈالرز کا سرمایہ کاری پیکج شامل ہوگا۔ اس حوالے سے تمام معاملات وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد سلمان کے درمیان ملاقات کے دوران طے پائیں گے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کئی سال سے تعلقات سرد مہری کا شکار تھے، تاہم عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔ خاص پر وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے درمیان دوستانہ تعلقات قائم ہوئے، اسی باعث سعودی ولی عہد نے ناصرف پہلی مرتبہ دورہ پاکستان کی دعوت قبول کی، بلکہ پاکستان کیلئے اقتصادی پیکج میں مزید اضافے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات