ْجامعہ سندھ میں تعلیم کے معیار میں فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر آگاہی سیمینار کا انعقاد

منگل 22 جنوری 2019 22:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) جامعہ سندھ کے کوالٹی انہانسمینٹ سیل اور انسٹیٹیوٹ آف بائیوکیمسٹری کے تعاون سے تعلیم کے معیار میں فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر ایک آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا سیمینار کا مقصد جامعہ کے اساتذہ، طلباء کے علاوہ دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اکریڈٹیشن کی ضروریات اور معیار کے فروغ کی ضرورتوں سے آگاہ کرنا تھا سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ایگریکلچر اکریڈٹیشن کونسل پاکستان کے چیئرمین اور محمد نواز شریف ایگریکلچر یونیورسٹی ملتان کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق رجوانہ تھے، جنہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اکریڈٹیشن کے عمل، ان کی ضروریات، پس منظر اور فوائد کے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی تعلیمی و پیشہ ورانہ پروگرام کی ہائیر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کی جانب سے مختلف اکریڈٹیشن کائونسلز کے ذریعے توثیق ایک لازمی عمل ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رجوانہ نے کہا کہ جامعہ سندھ کی جانب سے فوڈ اینڈ نیوٹریشن ٹیکنالوجی کا تدریسی پروگرام متعارف کروانا ایک اہم پیش رفت کے ساتھ ایک انتہائی خوش آئند عمل ہے انہوں نے کہا کہ انہوں نے اس پروگرام کے مختلف رخوں کو دیکھا اور پرکھا ہے، جو مجموعی طور پر مطمئن کرنے والا ہے۔ اس موقع پر جامعہ سندھ کے کوالٹی انہانسمینٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر شہزاد احمد میمن نے جامعہ سندھ میں معیار کی ترقی کے لیے لئے گئے اقدامات، جامعہ سندھ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت کی رہنمائی میں لائے گئے اصلاحات اور جامعہ کی کامیابیوں کے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن دی، جس کو بہت زیادہ سراہا گیا۔

پروگرام کی شروعات میں انسٹیٹیوٹ آف بائیو کیمسٹری کی ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر نسیم اسلم چنہ نے سیمینار میں شرکت کرنے والوں مہمانوں کو خوش آمدید کہا تقریب سے انسٹیٹیوٹ کے پروفیسر مہر علی قاضی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا دوسری طرف سیمینار کے اختتام پر ڈاکٹر رجوانہ نے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت سے ان کی آفس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معیار کی بہتری کے علاوہ اعلیٰ تعلیمی اداروں، مطلوبہ ترقی اور تدریسی و تحقیقی پروگرام کی کامیابی کے ہدف حاصل کرنا بہت ضروری ہے۔