کراچی،رینجرز نے 18 ملزمان کو گرفتار کرلیا، اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد

منگل 22 جنوری 2019 22:50

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 18 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کلاکوٹ اور چاکیواڑہ کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان نزیر احمد عرف پوپو اور بلال عرف ڈاڈا کو گرفتار کیا جو بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

شریف آباد، بلوچ کالونی، بغدادی، نبی بخش، گارڈن، کھارادر، عید گاہ اور گلستان جوہر کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 12 ملزمان نعمان علی، محمد اظہر، محمد ذیشان، عاصم ریاض، طلحہ، سلیمان، احسن عرف سنی، غلام اصغر عرف بابو، آصف اقبال، اختر دادا، محمد عمران برکی اور محمد شاہ عالم کو گرفتار کیا جو ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

نبی بخش کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم علی حیدر عرف علی کو گرفتار کیا جو لوگوں سے موبائل فون چھیننے سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ سپر مارکیٹ کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان سید عاقل شاہ عرف سکندر عرف میاں، محمد فیضان عرف فیجی اور محمد عامر کو گرفتار کیا جو اسٹریٹ کرائم اور علاقے میں منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کرلی گئی ہے اور تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔