رینجرز نے 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا

منگل 22 جنوری 2019 23:10

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2019ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 15 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کلری، نبی بخش، رسالہ، کھارادر اور گارڈن کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان رحمت عرف بابا گولڈن، شعیب علی، محمد عمر عرف بنگالی، محمد علی عرف علی موچھڑ، عبد الرؤف اور حارث عرف رام جانے کو گرفتار کیا جن کا تعلق لیاری گنگ وار سے ہے۔

ملزمان بھتہ خوری، غیر قانونی اسلحہ کی ذخیرہ اندوزی، اسٹریٹ کرائم اور ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ بلوچ کالونی اور الفلاح کے علاقوں میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 7 ملزمان سجاد علی عرف لمپی، شہزادہ عرف اخلاقو، کاشف رحمت، عدنان حیات، شاہ زیب، ماجد خان اور آصف کو گرفتار کیا جو لوگوں سے لوٹ مار کرنے، غیر قانونی اسلحہ رکھنے، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

(جاری ہے)

بریگیڈ کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان خیال رؤف اور مختیار عرف صدر کو گرفتار کیا جو علاقے میں منشیات کے کاروبار میں ملوث ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کر لی گئی ہے اور تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔