روسی کمپنی زمین کے زیریں مدار میں بڑے اشتہاری بل بورڈز لانچ کرے گی

Ameen Akbar امین اکبر منگل 22 جنوری 2019 23:53

روسی کمپنی زمین کے زیریں مدار میں بڑے اشتہاری بل بورڈز لانچ کرے گی

اب تو آپ صاف آسمان میں چاند دیکھتے ہوئے  حسین تصورات میں کھو جاتے  ہیں لیکن مستقبل قریب میں ایسا نہیں ہو سکے گا۔ آپ حسین تصورات میں کھونے کے لیے چاند کو دیکھیں گے تو  آپ کو وہاں اس کے ارد گرد بھی اشتہاری بل بورڈز نظر آئیں گے۔ یہ زیادہ دور کی بات نہیں ۔ روسی سٹارٹ اپ کمپنی نے 2021 تک زمین کے زیریں مدار میں بہت بڑے اشتہاری بل بورڈز لانچ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔


روسی کمپنی سٹآرٹ راکٹ (StartRocket) نے اعلان کیا ہے کہ وہ ٹشو باکس سائز کے سیٹلائٹ، جنہیں کیوب سیٹس(CubeSats) کا نام دیا گیا ہے، کی مدد سے اشتہاری بل بورڈ لانچ کرے گی۔ یہ چھوٹے چھوٹے سیٹلائٹس زمین سے 400 سے 500 کلومیٹر کی بلندی میں گردش کریں گے اور سورج کی روشنی کو منعکس کریں گے۔ آسمان پر اشتہارات صرف رات کے وقت دیکھے جا سکیں گے لیکن انہیں زمین پر کہیں سے بھی دیکھا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

کمپنی کے پاس کیوب سیٹ کا پروٹو ٹائپ موجود ہے جس کے تجربات اگلے سال ہی شروع ہو جائیں گے۔
بہت سے ماہرین کا کہنا ہے کہ آسمان پر روشن بل بورڈ ماہرین فلکیات کے آسمانی مشاہدے میں خلل ڈالیں گے اور کیوب سیٹس کی بہت بڑی تعداد آخر کار خلائی کوڑے کرکٹ میں بدل جائے گی۔ جس سے یہ خلائی سرگرمیوں اور ہوابازی میں بھی رکاوٹ ڈالیں گے۔ تاہم کمپنی نے کسی قسم کی تنقید کو خاطر میں نہ لاتےہوئے پراجیکٹ پر کام جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :