اسلام آباد میں میں ڈکیتی و چوری کی وارداتیں ، خاتون کا پرس چھین لینے سمیت موٹر سائیکل چوری کر لیا گیا

بدھ 23 جنوری 2019 00:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) اسلام آباد میں ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو جانے سے شہری بلبلا اٹھے۔ وفاقی پولیس کی ناقص حکمت عملی کے باعث ڈکیتی کی مذید ایک اور واردات میں ایک شہری گولی لگنے سے زخمی ہو گیا۔ خاتون کا پرس چھین لینے سمیت موٹر سائیکل چوری کر لیا گیا۔ پولیس نے الگ الگ مقدمات کا اندراج کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ نون پولیس کو منہال نے بتایا کہ رات تقریباً سات بجکر چالیس منٹ پر دو نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے مدعی کی دکان سے ساٹھ ہزار روپے نقد اور تین موبائل فون کل مالیتی چونسٹھ ہزار روپے چھین لئے ،مدعی کے شور کرنے پر پستول سے فائرنگ کی جس سے راہگیر احمد علی گولی لگنے سے زخمی ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

تھان آبپارہ پولیس کو مسماة فروہ شاہ نے بتایا کہ نامعلوم ملزم نے دن کے وقت جی سکس بازار میں مدعیہ سے پرس چھین لیا جس میں انتالیس ہزار روپے نقد اور ایک موبائل فون کل مالیتی پینتالیس ہزار روپے تھے۔

تھانہ کراچی کمپنی پولیس کو ظفر نے بتایا کہ نامعلوم ملزمان نے کشمیر ہائی وے سے ہونڈا ون ٹو فائیو موٹر سائیکل نمبر ARL 877مالیتی اسی ہزار روپے چوری کر لیا ہے۔پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے تاہم مذکورہ وارداتوں میں کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔