Live Updates

وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کی دعوت پر 21 سے 22 جنوری تک قطر کا سرکاری دورہ کیا ، وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر کا دوطرفہ تعلقات اور ابھرتے ہوئے بین الاقوامی منظرنامے پر تبادلہ خیال، وزیراعظم کی قطر کے ممتاز کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں ، وزیراعظم عمران خان کی امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت

بدھ 23 جنوری 2019 00:50

دوحہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے کی دعوت پر 21 سے 22 جنوری تک قطر کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ ہارون شریف، چیئرپرسن وزیراعظم ٹاسک فورس برائے توانائی اور خارجہ سیکرٹری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

عمران خان کے دورہ قطر پر جاری اعلامیہ کے مطابق دیوان امیری پہنچنے پر وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعد ازاں وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی اور وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر نے ون آن ون ملاقات بھی کی۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات اور ابھرتے ہوئے بین الاقوامی منظرنامے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنمائوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں شراکت داری کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

امیر قطر نے وزیراعظم کو پاکستان میں حکومت کی پرامن منتقلی اور وزیراعظم کے طور پر ان کے انتخاب پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان کی ترقی کے لئے تمام ممکن حمایت کا یقین دلایا۔ امیر قطر نے وزیراعظم اور ان کے وفد کے ارکان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ قبل ازیں پیر کو دوحہ پہنچنے پر وزیراعظم نے قطر کے وزیراعظم شیخ عبداللہ بن نصر بن خلیفہ الثانی کے ساتھ ان کی رہائشگاہ پر وفود کی سطح پر ملاقات کی۔

قطر کے وزیراعظم نے وزیراعظم عمران خان اور ان کے وفد کے ارکان کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اعلی سطح کی ملاقاتوں کے علاوہ وزیراعظم نے قطر کے ممتاز کاروباری افراد اور سرمایہ کاروں سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم عمران خان نے قطر کے کاروباری افرادکو توانائی، پٹرولیم، ادویہ سازی، زرعی تحقیق، فوڈ پراسیسنگ، ثقافت، سیاحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی سمیت پاکستان کی معیشت کے تمام شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے قطر کے عوام اور نجی شعبے کو اگلے پانچ سال کے دوران 50 لاکھ سستے گھروں کی تعمیر کے لئے حکومت کی مہم میں شراکت دار بننے کی بھی دعوت دی۔ قطر کے کاروباری رہنمائوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے ایک لاکھ پاکستانی افرادی قوت منگوانے کے فیصلے پر قطر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امیر قطر سے 2022ء کے فیفا ورلڈ کپ کے انعقاد کے سلسلے میں بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں میں پاکستان کی افرادی قوت کو زیادہ حصہ دینے کی بھی درخواست کی۔

وزیراعظم نے وقارا سٹیڈیم میں 15 ہزار سے زائد پاکستانیوں سے بھی خطاب کیا۔ پاکستانی برادری نے اس موقع پر بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔ وزیراعظم نے امیر قطر کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات