سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفارتی کیریئر پر ایک نظر

راجا علی اعجاز ممتاز بین الاقوامی اداروں میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 23 جنوری 2019 11:40

سعودی عرب میں تعینات پاکستان کے سفارتی کیریئر پر ایک نظر
جدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری 2019ء ) گزشتہ دِنوں سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر راجا علی اعجاز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی جنہوں نے 21 جنوری 2019ء کو اپنے عہدے سے متعلقہ ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ راجا علی اعجاز کا شمار پاکستان کے انتہائی قابل سفارتی عہدے داروں میں ہوتا ہے۔ سعودی عرب میں سفیر کے عہدے پر نامزدگی سے قبل وہ نیویارک میں بحیثیت قونصل جنرل آف پاکستان خدمات نبھا چکے ہیں۔

1990ء سے 1991ء تک وہ لاہور کی سول سروس اکیڈمی میں خدمات انجام دیتے رہے۔ اس کے بعد وہ 1991ء سے 1992ء کے درمیان جنوب مشرقی ایشیا اور پیسفک کے لیے ڈیسک آفیسر تعینات رہے۔ انہوں نے 1992ء سے 1996ء تک کابل میں پاکستانی سفارت خانے میں بطور سفارتی اہلکار ذمہ داریاں نبھائیں۔1996ء سے 1998ء تک انہوں نے وزارتِ خارجہ میں ڈیسک آفیسر برائے ہندوستان کے طور پر کام کیا ۔

(جاری ہے)

1998ء سے 2001ء تک وہ لندن کے پاکستانی ہائی کمیشن میں تعینات رہے۔ 2001ء سے 2004ء تک وہ بخارسٹ میں پاکستانی سفارت خانے میں کام کرتے رہے۔ اس کے بعد انہوں نے 2004ء سے 2006ء تک خارجہ امور کی وزارت میں ڈائریکٹر کے عہدے پر کام کیا۔2006ء سے 2012ء تک انہوں نے میکسیکو کے پاکستانی سفارت خانے میں ذمہ داریاں نبھائیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے پاکستانی وزارت برائے اخارجہ امور میں ڈائریکٹر جنرل (اقوام متحدہ) کے طور پر بھی جنوری 2013ء سے جنوری 2014ء تک خدمات انجام دیں۔