ایان علی کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست مسترد

گرفتار کرکے 15 فروری کو پیش ہونے کا حکم ‘حاضر نہ ہونے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہوگی‘ عدالت

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 23 جنوری 2019 11:42

ایان علی کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست مسترد
 راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 جنوری۔2019ء) کسٹم عدالت نے ایان علی کی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے گرفتار کرکے 15 فروری کو پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے. راولپنڈی کی کسٹم عدالت میں ماڈل ایان علی کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت جج ارشد بھٹہ نے کی. دوران سماعت عدالت نے ایان علی کی جانب سے دائرکی گئی تین درخواستوں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری واپس لینے کی درخواست، عدالت میں مستقل حاضری سے استثنیٰ، معافی اورمقدمہ ختم کرنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے ایان علی کوآئندہ تاریخ پرپیش کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ گواہان کو بھی نوٹس جاری کرکے آئندہ تاریخ پرطلب کرلیا گیا.

(جاری ہے)

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ملزمہ بادی النظرمیں کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ہے، کرنسی کی ضبطی کلکٹریٹ کسٹم کی سول قانونی کارروائی ہے، ملزمہ دبئی سے علاج کے لئے عمان جاتی ہے، پاکستان کیوں نہیں آسکتی. ایان علی کے نہ آنے پر اشتہاری قرار دینے کی کارروائی ہوگی‘ عدالت نے ملزمہ کا عدالت طلبی کا اشتہار بھی جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایان علی کو گرفتار کر کے 15 فروری کو پیش کرنے کا حکم دے دیا.

اس کے علاوہ عدالت نے ملزمہ کے دونوں ضمانتیوں کونوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں بھی عدالت طلب کرلیا جب کہ ایان علی کے 5،5 لاکھ کے دونوں ضما نتی مچلکے ضبط کرنے کے لئے ضامن طلب کرلیا. واضح رہے کہ گزشتہ سماعت میں عدالت نے ملزمہ ایان علی کی جانب سے دائرکی گئی تین درخواستوں پرفیصلہ محفوظ کرلیا تھا. ماڈل ایان علی کو14 مارچ 2015 کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیربھٹو ایئرپورٹ پر کرنسی اسمگل کرنے کے الزام میں گرفتارکیا گیا تھا اوراس کے پاس سے 6 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے.