بھارت کا 11 ارب ڈالرکا ہدف حاصل کرنے کے لیے حکومتی اثاثے فروخت کرنے کا فیصلہ

ایئر انڈیا ‘ٹیلی کمیونکیشنز کنسلٹنٹس انڈیا، انڈین ریلوے اور دیگر ادارے بیچے جائیں گے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 23 جنوری 2019 12:13

بھارت کا 11 ارب ڈالرکا ہدف حاصل کرنے کے لیے حکومتی اثاثے فروخت کرنے کا ..
نئی دہلی(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 جنوری۔2019ء) بھارتی حکومت نے یکم اپریل سے شروع ہونے والے آئندہ مالی سال میں 11 ارب 21 کروڑ ڈالر کی رقم اکٹھی کرنے کے لیے حکومتی اثاثے فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیاہے. غیر ملکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ میں سرکاری ذرائع کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ یہ ہدف موجودہ مالی سال کے ہدف کے برابر ہے جس کے حصول کے لیے قومی ایئر لائن ایئر انڈیا کی نجکاری اور 3 ریاستی اداروں کو ضم کرکے ایک کمپنی کی شکل میں فروخت کرنے کا اراداہ ہے.

اس کے علاوہ اس میں ایکسچینج ٹریڈ فنڈ کی مد میں تقریباً 20 ریاستی اداروں کے یونٹس کی فروخت بھی شامل ہے.

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق امریکا میں میڈیکل چیک اپ کے لیے گئے ہوئے بھارتی وزیرخزانہ ارون جیٹلی یکم فروری کو عبوری بجٹ پیش کرتے ہوئے ان اہداف کا اعلان کریں گے. اس سلسلے میں حکومت متعدد ریاستی اداروں کے حصص بھی عوام کو فروخت کرنے کے لیے پیش کرسکتی ہے، ان ممکنہ اداروں میں ٹیلی کمیونکیشنز کنسلٹنٹس انڈیا، انڈین ریلوے اور دیگر ماتحت ادارے مثلاً آئی آر سی ٹی سی، ریل ٹیل کارپوریشن انڈیا اور نیشنل سیڈز کارپوریشن(این ایس سی) شامل ہیں.

دوسری جانب حکومت نے 3 ریاستی جنرل انشورنس کمپنیز، اوریئنٹل انشورنس، نیشنل انشورنس اور یونائیٹڈ انشورنس شامل ہیں، کو ضم کرکے ایک کمپنی کی شکل میں ڈھالنے کا منصوبہ بھی تشکیل دیا ہے. خیال رہے کہ اس سے قبل 2018 میں بھارتی حکومت ایئر انڈیا کو فروخت کرنے کے لیے خریداروں کو متوجہ کرنے کی کوشش میں ناکام ہوگئی تھی. تاہم اب ایئر لائن کو نو تشکیل شدہ ڈھانچے پر استوار کیا جارہا ہے اور اس کو مزید پرکشش بنانے کے لیے بھاری قرضوں کا نصف بوجھ دوسری کمپنی پر منتقل کردیا جائے گا.