Live Updates

عدالت نے علیم خان کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا

عدالت نے سینئیر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 23 جنوری 2019 12:37

عدالت نے علیم خان کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جنوری2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے سینئیر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی نااہلی کی درخواست مسترد کر دی۔تفصیلات کے مطابق دو روز قبل لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ ہائیکورٹ کے جسٹس چوہدری اقبال نے لیگی امیدوار رانا احسن کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی تھی۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا تھا کہ علیم خان آئین کے ارٹیکل62,63پر پورا نہیں اترتے ،انہیں پی پی 158سے نااہل قرار دیا جائے ۔ جبکہ علیم خان کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ علیم خان نے کاغذات نامزدگی میں تمام الحقائق ظاہر کیے ،ان پر کسی قسم کا مقدمہ نہیں اور نہ آئین اور قانون کی خلاف ورزی کی ہے ۔

(جاری ہے)

وکیل نے کہا کہ علیم خان کے خلاف پٹیشن سیاسی انتقامی کاروائی ہے ۔

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن پٹیشن خارج کی جائے ۔فاضل عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔تاہم اب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عدالت نے انتخابی غداری کی درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ بادی النظر میں الیکشن پٹیشن اوتھ کمشنر کی تصدیق کے بغیر دائر کی گئی جس کی قانونی حیثیت نہیں۔

الیکشن پٹیشن دائر کرنے سے قبل اوتھ کمشنر کی تصدیق ضروری ہے۔یاد رہے اگست 2018 میں : پی ٹی آئی کے سینئر راہنما علیم خان بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب کوشواہد فراہم کر چکا ہوں، ایسی کوئی جائیداد نہیں، جو ڈکلیئر نہ کی ہو، عمران خان کے ساتھ مل کرتبدیلی کی جنگ لڑرہا تھا، میں بیرون ملک اثاثوں کی منی ٹریل دی، اپنے چاروں فلیٹس کے دستاویزات دیے. علیم خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس 11 سال سے کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا، جب میں حکومت میں ہی نہیں تو کرپشن کیسے کر سکتا ہوں، نیب جب بھی بلائے گا، ضرور پیش ہوں گا. واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو تحریک انصاف کے رہنما علیم خان سے آف شور کمپنیوں سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے، اس سلسلے میں انھیں تین بار طلب بھی کیا جا چکا ہے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات