حسن علی اور سرفراز نے نیا ریکارڈ بنا کر تاریخ رقم کردی

دونوں کھلاڑیوں نے 90 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی جانب سے نویں وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کیا ، رپورٹ

بدھ 23 جنوری 2019 13:16

حسن علی اور سرفراز نے نیا ریکارڈ بنا کر تاریخ رقم کردی
ڈربن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں کپتان سرفراز احمد اور حسن علی نے عمدہ شراکت قائم کر کے پاکستان کیلئے نیا ریکارڈ قائم کردیا۔ڈربن میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی تو 112 رنز پر پاکستان کی آٹھ وکٹیں گر چکی تھیں اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ پاکستانی ٹیم 150رنز بھی نہیں بنا سکے گی تاہم اس موقع پر کپتان سرفراز احمد اور حسن علی نے عمدہ بیٹنگ کر کے جنوبی افریقی ٹیم کے ارمانوں کو خاک میں ملا کر پاکستان کو معقول مجموعے تک رسائی دلا دی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 90 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کی جانب سے نویں وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

(جاری ہے)

حسن علی نے 59 اور سرفراز نے 41 رنز کی اننگز کھیلی اس سے قبل پاکستان کی جانب سے نویں وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ شعیب ملک اور محمد سمیع کے پاس تھا جنہوں نے 2007 میں سنچورین کے مقام پر جنوبی افریقہ کے خلاف ہی یہ ریکارڈ بنایا تھایہ ناصرف اس وکٹ کیلئے پاکستان کی جانب سے ریکارڈ ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ڈربن میں بھی نویں وکٹ کیلئے سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ ہے۔

ون ڈے کرکٹ میں نویں وکٹ کے لیے سب سے بڑی شراکت کا عالمی ریکارڈ سری لنکا کے اینجلو میتھیوز اور لاستھ ملنگا کے پاس ہے جنہوں نے 2010 میں 132 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے میزبان آسٹریلیا سے یقینی فتح چھین لی تھی۔