وائٹ ہاؤس نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے آئندہ منگل کو اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کا عندیہ دیدیا

بدھ 23 جنوری 2019 13:21

وائٹ ہاؤس نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے آئندہ منگل کو اسٹیٹ آف دی یونین خطاب ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) امریکی ایوانِ نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کی جانب سے واضح مشورے کے باوجود کہ اگلے ہفتے کانگریس کے دونوں ایوانوں کے اجلاس سے ’اسٹیٹ آف دی یونین‘ خطاب نہ کیا جائے، وائٹ ہاؤس29 جنوری کی شام ٹیلی ویژن پر صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے قوم سے خطاب کا انتظام کررہا ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کے حکام نے بتایا ہے کہ اس حوالے سے ایک مختلف مقام سے اس سالانہ خطاب کے متبادل انتظامات بھی کئے جا رہے ہیں، جس میں سیاسی ریلی بھی شامل ہوگی، اگر تب تک جزوی حکومتی بندش جاری رہتی ہے۔

اس سے قبل وائٹ ہاؤس کے معاون پریس سکرٹری ہوگن گڈلی نے ’فوکس نیوز‘ کو بتایا تھا کہ نینسی پلوسی صدر کو پابند نہیں کرسکتیں کہ وہ امریکی عوام کے ساتھ یہ گفتگو کب کریں،کریں یا نہ کریں۔

(جاری ہے)

گذشتہ ہفتے پلوسی نے صدر ٹرمپ پر زور دیا تھا کہ وہ خطاب مؤخر کردیں یا پھر قانون سازوں سے ہی خطاب کریں۔ اٴْنھوں نے سیکورٹی کی تشویش کا اظہار کیا تھا، اس بات کی جانب توجہ دلاتے ہوئے کہ امریکی خفیہ ادارہ اور ہوم لینڈ سیکورٹی کا محکمہ اٴْن اداروں میں شامل ہیں جنہیں دسمبر کے اواخر سے تنخواہ نہیں مل رہی ہے جبکہ اٴْن کے محکمے امریکی حکومت کی اس چوتھائی میں شامل ہیں جو شٹ ڈاؤن کی شکار ہے۔

صدر کیلئے لازم ہے کہ وہ قوم سے متعلق ایک سالانہ رپورٹ پیش کریں لیکن اس بات کی شرط نہیں کہ وہ ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ کے دونوں ایوانوں سے خطاب کریں گے۔