Live Updates

پنجاب حکومت کا سانحہ ساہیوال سے متعلق جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر نہ لانے کا فیصلہ

سانحہ ساہیوال سے متعلق حتمی رپورٹ ہی شائع کی جائے گی، نامکمل رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 23 جنوری 2019 13:13

پنجاب حکومت کا سانحہ ساہیوال سے متعلق جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر نہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 جنوری2019ء) پنجاب حکومت نے جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر نہ لانے کا فیصلہ کیا ہے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سانحہ ساہیوال سے متعلق ابھی تک ادھوری جے آئی ٹی رپورٹ آئی ہے جس متعلق پنجاب حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک سانحہ سے متعلق مکمل جے آئی ٹی رپورٹ نہیں آتی تب تک جے آئی ٹی رپورٹ منظر عام پر نہیں لائی جائے گی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ حتمی رپورٹ آنے کے بعد ہی شائع کی جائے گی۔خیال رہے وزیرقانون پنجاب راجا بشارت کا کہنا تھا کہ ساہیوال آپریشن 100فیصد ٹھیک انفارمیشن بیسڈ تھا، بے گناہوں کے قتل میں ملوث 5 افسران کو انسداددہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے گا،جبکہ سی ٹی ڈی اہلکاروں کیخلاف بھی دہشتگردی دفعات کے تحت سخت کاروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے گذشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت سانحہ ساہیوال پر جے آئی ٹی کی رپورٹ کے جائزے کیلئے منعقد اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر وزیراعلیٰ پنجاب نے جے آئی ٹی تشکیل دی۔ جے آئی ٹی نے 72 گھنٹوں میں اپنی تحقیقات مکمل کیں۔پہلے کبھی بھی صوبے کی تاریخ میں 72 گھنٹے کاروائی نہیں کی گئی۔ہم پرعزم ہیں کہ آئندہ اس طرح کے واقعات نہ ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی رپورٹ کے مطابق خلیل کے خاندان کے قتل کا ذمہ دار سی ٹی ڈی افسران کو ٹھہرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ذیشان اور اس کے زیراستعمال گاڑی سے متعلق کل میڈیا کومکمل بریفنگ دی جائے گی۔اسی طرح ذیشان سے متعلق مزید حقائق کو سامنے لانے کیلئے جے آئی ٹی سربراہ نے مہلت مانگی ہے۔انہوں نے کہا کہ میری درخواست ہے معلومات اکٹھی کی جائیں اور گاڑی کا پتا کیا جائے کہ وہ دہشتگردوں کے استعمال میں تھی یا نہیں؟ وزیرقانون پنجاب نے بتایا کہ واقعے میں ملوث ایس ایس پی ، ڈی ایس پی اور ملوث افسران کیخلاف کاروائی کا فیصلہ کیا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب کو عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔اسی طرح ڈی آئی جی ساہیوال کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اورایس ایس پی سی ٹی ڈی کو معطل کردیا گیا ہے۔ جبکہ ذمہ دران 5افسران کوچلان کرکے انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات