پولیس گواہ پیش نہیں کرسکتی انصاف کیا دلائے گی، سندھ ہائیکورٹ

7 پولیس اہلکاروں کے قتل کے چکرا گوٹھ کیس میں آئی جی سندھ کلیم امام طلب

بدھ 23 جنوری 2019 14:12

پولیس گواہ پیش نہیں کرسکتی انصاف کیا دلائے گی، سندھ ہائیکورٹ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی ایم شیخ نے کہا ہے کہ پولیس اپنے اہلکاروں کے قتل کیس میں بھی گواہ پیش نہیں کررہی تو کسی اور کو کیا انصاف دلائے گی۔بدھ کوسندھ ہائیکورٹ میں سانحہ چکرا گوٹھ کے ملزم کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔ 7پولیس اہلکاروں کے قتل کے مقدمے میں گرفتار ایم کیوایم کارکن گل محمد کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ احمد علی ایم شیخ نے کیس میں گواہ پیش نہ کرنے پر پولیس حکام پر برہمی کا اظہار کیا اور آئی جی سندھ کلیم امام کو فوری طور پر طلب کرلیا۔چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہا کہ پولیس حکام اپنے اہلکاروں کے قتل کے کیس میں بھی گواہ پیش نہیں کرپارہے تو کسی اور کو کیا انصاف دلائیں گے۔ ملزم کے وکیل نے کہا کہ چکرا گوٹھ کیس انسداد دہشت گردی عدالت میں زیر سماعت ہے اور ملزم گل محمد کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔واضح رہے کہ 2011 میں کراچی کے علاقے چکرا گوٹھ میں فائرنگ کرکے 7 پولیس اہلکاروں کو قتل کردیا گیا تھا۔