اسحاق ڈار کے خلاف کیس ، گواہ اعجاز احمد کا بیان قلمبند اورجرح مکمل کرلی گئی

عدالت کی دوسرے گواہ آفتاب کو مزید ریکارڈ لانے کی ہدایت ، مزید سماعت 30جنوری تک ملتوی کر دی گئی

بدھ 23 جنوری 2019 14:19

اسحاق ڈار کے خلاف کیس ، گواہ اعجاز احمد کا بیان قلمبند اورجرح مکمل کرلی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت کے دور ان گواہ اعجاز احمد کا بیان قلمبند اورجرح مکمل کرلی گئی ۔ بدھ کو اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت جج محمد بشیر نے کی ۔ سماعت کے دور ان تینوں شریک ملزمان میں سے صرف منصور رضوی عدالت میں پیش ہوئے تاہم شریک ملزمان میں سابق صدر نیشنل بنک سعید احمد اور نعیم محمود عدالت پیش نہیں ہوئے۔

(جاری ہے)

پراسیکیوٹر نیب نے اعتراض کیا کہ دیگر دو ملزمان عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ وکیل صفائی نے کہا کہ ایک ملزم حاضر ہونا ضروری ہے، منصور حاضر ہیں، یہ عدالت کا استحقاق ہوتا ہے۔ وکیل قاضی مصباح نے کہا کہ دوسرے ملزم نعیم محمود بھی آئندہ سماعت پر حاضر ہو جائیں گے سماعت کے دور ان استغاثہ کے ایک گواہ اعجاز احمد کا بیان قلمبند اور جرح مکمل کرلی گئی ۔عدالت میں گواہ آفتاب ریکارڈ لے کر عدالت میں پیش ہوئے جس پر عدالت نے مزید ریکارڈ لانے ہدایت کی ۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 30 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ۔