دُبئی: دوست کی جگہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے پاکستانی کو قید ہو گئی

دوست نے پاکستانی کو اس غلط کام کے بدلے ایک ہزار درہم دیئے تھے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 23 جنوری 2019 15:48

دُبئی: دوست کی جگہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے والے پاکستانی کو قید ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23 جنوری 2019ء ) عدالت نے ایک پاکستانی نوجوان کو اپنے ایک دوست کی جگہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کے جُر م میں تین ماہ قید کی سزا سُنا دی ہے۔ عدالت کے مطابق 23 سالہ پاکستانی نوجوان کسی دوسرے شخص کی دستاویزات پرناجائز طور پر ڈرائیونگ ٹیسٹ دیتا پایا گیا۔ مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے ملزم پر الزام عائد کیا تھا کہ ملزم نے اپنے دوست کی جگہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے کی کوشش کی، لیکن اُس کے فراڈ کا پتا چل گیا۔

ملزم کے ہم وطن دوست نے اس ناجائز کام کے بدلے اُسے ایک ہزار درہم دیئے تھے۔ ملزم کے دوست کو بھی اس دھوکے بازی کی کوشش میں برابر کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے تین ماہ قید کی سزا سُنائی گئی۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ دونوں ملزمان کو سزا کی مُدت پُوری ہوتے ہی فوری طور پر ڈی پورٹ کر دیا جائے۔

(جاری ہے)

یہ واقعہ 27 دسمبر 2017ء کو پیش آیا جس کی رپورٹ بُر دُبئی پولیس اسٹیشن میں کروائی گئی۔

ڈرائیونگ انسٹی ٹیوٹ کے سوڈانی سُپروائزر نے بتایا کہ ملزم انسٹی ٹیوٹ آیا جب اُس کے پاس موجود کاغذات چیک کیے گئے تو اُس کی شکل اور کاغذات پر لگی تصویر میں واضح فرق نظر آیا۔ جس پر اُسے مینجر کے دفتر میں لے جایا گیا۔ جہاں اُس نے تفتیش کے دوران مان لیا کہ وہ اپنے ایک دوست کی جگہ ڈرائیونگ ٹیسٹ دینے آیا تھا۔ جس پر اُس کے دوست کو بھی بُلایا گیا اور پھر ان دونوں کو پولیس کی حراست میں دے دیا گیا۔ شروع میں جب ملزم سے اس فراڈ کی وجہ پوچھی گئی تو وہ چُپ رہا تاہم بعد میں اُس نے بتایا کہ دوست نے اُس سے درخواست کی تھی کہ وہ اُس سے ایک ہزار درہم لے کر بدلے میں اُس کا ڈرائیونگ ٹیسٹ دے دے۔ دونوں ملزمان نے اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :