Live Updates

لاہور ہائی کورٹ نے علیم خان کے خلاف دائر نااہلی کی درخواست خارج کردی

عدالت نے نااہلی کی درخواست پر فیصلہ 21 جنوری کو محفوظ کیا تھا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 23 جنوری 2019 17:09

لاہور ہائی کورٹ نے علیم خان کے خلاف دائر نااہلی کی درخواست خارج کردی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 جنوری۔2019ء) لاہور ہائی کورٹ نے صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کی نااہلی کی درخواست خارج کردی، نااہلی کی درخواست پر فیصلہ 21 جنوری کو محفوظ کیا تھا. تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ جسٹس چوہدری اقبال نے علیم خان کی اہلیت کے خلاف نون لیگی امیدوار رانا احسن کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی، عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے علیم خان کی نااہلی کی درخواست خارج کردی.

(جاری ہے)

درخواست گزار نون لیگی امیدوار رانا احسن نے موقف اختیار کیا تھا کہ علیم خان نے الیکشن لڑتے وقت اثاثوں کے متعلق حقائق چھپائے‘ ان کے خلاف نیب میں مقدمہ زیر سماعت ہے‘وہ ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ کے بھی نادہندہ ہیں ٹربیونل انہیں پی پی 158 سے نااہل قرار دے. علیم خان کے وکیل نے کہا کہ ان کے موکل نے کاغذات نامزدگی میں تمام حقائق ظاہر کئے‘ جس میں اندرون اور بیرون ملک تمام اثاثوں کی تفصیلات موجود ہیں آف شور کمپنیز سے متعلق بھی علیم خان نے حقائق واضح کیے درخواست سیاسی انتقامی کاروائی ہے لہذا خارج کی جائے.

یاد رہے لاہور ہائی کورٹ میں ہی نون لیگ کے امیدوار احسن شرافت کی جانب سے نااہلی درخواست پر سنیئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کو جواب داخل کرانے کیلئے آخری مہلت دی تھی. خیال رہے اگست 2018 میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما علیم خان بنی گالہ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیب کوشواہد فراہم کر چکا ہوں، ایسی کوئی جائیداد نہیں، جو ڈکلیئر نہ کی ہو، عمران خان کے ساتھ مل کرتبدیلی کی جنگ لڑرہا تھا، میں بیرون ملک اثاثوں کی منی ٹریل دی، اپنے چاروں فلیٹس کے دستاویزات دیے.

علیم خان کا کہنا تھا کہ میرے پاس 11 سال سے کوئی سرکاری عہدہ نہیں تھا، جب میں حکومت میں ہی نہیں تو کرپشن کیسے کر سکتا ہوں، نیب جب بھی بلائے گا، ضرور پیش ہوں گا. واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو تحریک انصاف کے رہنما علیم خان سے آف شور کمپنیوں سے متعلق تحقیقات کر رہی ہے، اس سلسلے میں انھیں تین بار طلب بھی کیا جا چکا ہے.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات