قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت منظور ‘ رہائی کا حکم

موکل پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں اور بیان ریکارڈکروادیا، وکیل

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 23 جنوری 2019 17:17

قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت منظور ‘ رہائی کا حکم
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔23 جنوری۔2019ء) لاہور ہائی کورٹ نے پیراگون کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت منظور کر تے ہوئے دس لاکھ کے مچلکے کے عوض ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے. تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس ملک شہزاد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے پیراگون سوسائٹی کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، قیصر امین بٹ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پیراگون سٹی سکینڈل میں نیب تفتیش مکمل کرچکی ہے، ملزم کی صحت ٹھیک نہیں رہتی اس لیے مکمل علاج معالجہ کی ضرورت ہے.

(جاری ہے)

وکیل نے مزید کہا کہ موکل قیصر امین پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں اور بیان ریکارڈکروادیا، چیئرمین نیب نے بھی معافی دے دی ہے اور نیب قانون کے مطابق چیئرمین نیب کی معافی کے بعد درخواست گزار کو رہاجاسکتاہے‘ انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے. پراسیکیوٹر نیب نے کہا قیصر امین بٹ پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ بن چکے ہیں، ان کی ضمانت منظور ہونے پر نیب کو کوئی اعتراض نہیں.

عدالت نے کچھ دیر کے لئے قیصر امین بٹ کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا ، بعدازاں پیراگون کے ڈائریکٹر قیصر امین بٹ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے دس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض انہیں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا. یاد رہے پیراگون ہاﺅسنگ اسکینڈل کی تفتیش میں گرفتار قیصر امین بٹ وعدہ معاف گواہ بن گئے تھے، قیصر امین بٹ نے سنسنی خیز انکشافات میں بڑے رازوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ پیراگون سوسائٹی ایل ڈی اے سے منظورشدہ نہیں، خواجہ برادران بینی فشل اونرزہیں، لین دین کاکام ندیم ضیا کرتا تھا اور خواجہ برادران کو نقد ادائیگیاں کی جاتی تھیں.

: قیصرامین بٹ نے عدالت کو دیئے گئے بیان میں کہا تھا کہ خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق ہی پیرا گون سوسائٹی کے اصل مالکان ہیں.