سپورٹس بورڈ پنجاب کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا، ندیم سرور

قومی کھیل ہاکی کے فروغ کیلئے 6سے 11فروری تک انٹرڈویژن ہاکی چیمپئین شپ کروائی جائے گی اوردنگل بھی کرائیں گے،ڈی جی سپورٹس پنجاب

بدھ 23 جنوری 2019 19:35

سپورٹس بورڈ پنجاب کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھے گا، ندیم سرور
لاہور۔23 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرو ر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ کھیلوں کی ترقی اور فروغ کے لئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا، سپورٹس بورڈ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق پنجاب میں سپورٹس کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کر رہا ہے، سپورٹس بورڈ اپنی کامیابیوں اور فتوحات کا سلسلہ 2019ء میں بھی جاری رکھے گا، نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لئے کئے گئے اقدامات کے دورس تنائج سامنے آئے ہیں، سپورٹس بورڈ پنجاب روایتی کھیلوں کو بھی فروغ دے رہا ہے جس کے لئے حال ہی میں ’’انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا‘‘ کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں بھارت، ایران اور پاکستان کی ٹیموں نے حصہ لیا، 2019ء میں میگا ایونٹس منعقد کروارہے ہیں، پنجاب کے روایتی کھیل دنگل کو فروغ دینے کے لئے دنگل کا بڑا ایونٹ بھی منعقد کروایا جا ئے گا، 8 سال بعد اپریل میں پنجاب گیمز منعقد کروارہے ہیں،8سال بعد سپورٹس بورڈ پنجاب کا سالانہ سپورٹس کیلنڈر جاری کیا گیا اور اس کا آغاز بھی کردیا گیا ہے،قومی کھیل ہاکی کے فروغ کیلئے 6سے 11فروری تک انٹرڈویژن ہاکی چیمپئن شپ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں کروائی جائے گی، تمام کھیلوں کے کھلاڑیوں کو آگے لانے کے لئے ہر تین ماہ بعد 7 مختلف کھیلوں کے مختلف اضلاع میں تربیتی کیمپس منعقد کروائے جا رہے ہیں، لاہور سمیت 5 اضلاع میں مختلف کھیلوں کے تربیتی کیمپس جاری ہیں، اس کا دوسرا مرحلہ اپریل میں شروع ہوگا اور یہ سلسلہ ہر تین ماہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

پنجاب میں نئی حکومت کے قیام کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے سپورٹس کے فروغ کو اولیت دی، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے اہم اقدامات کئے ہیں، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی نے نئی سپورٹس پالیسی بنانے کا اعلان کیا جس پر کام جاری ہے، پنجاب کے ہر طالب علم کے لئے کم از کم ایک کھیل میں حصہ لینا لازمی قرار دیا گیا ہے،سپورٹس بورڈ اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ نے صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی، سیکرٹری سپورٹس ندیم محبوب اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور کی سرپرستی اور رہنمائی میں اہم اقدامات کئے ہیں۔

سپورٹس بورڈ پنجاب نے 2018 ء اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، کھلاڑیوں کی بہترین رہنمائی اور تربیت کے باعث پنجاب نے قومی سطح پر اہم ٹائیٹلز جیتے اور اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا، سپورٹس بورڈ پنجاب کے 325 رُکنی دستے نے چوتھی بین الصوبائی گیمز پشاور میں مجموعی طور پر139میڈلز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی، سپورٹس بورڈ پنجاب کا بنیادی کام نئے کھلاڑیوں کی نرسریاں تیار کرنا ہے، اس مقصد کے حصول کے لئے اہم اقدامات کئے گئے۔

سپورٹس بورڈ پنجاب کی 2018ء کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو بہت سی خوشگوار تبدیلیاں نظر آئیں گی، 3 جنوری کو سپورٹس بورڈ پنجاب کی پہلی ٹینس اکیڈمی کا افتتاح کیا گیا، ٹینس اکیڈمی میں جدید ترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، 3 سی8 جنوری تک کوچز کو کبڈی کا ٹیکنیکل کورس کرایا گیا، 8 جنوری کو چین کے وفد نے سپورٹس بورڈ پنجاب کا دورہ کیا جس میں دوطرفہ تعاون پر اتفاق کیا گیا، 13 جنوری کو سپورٹس بورڈ پنجاب کا سالانہ اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے، 16جنوری کو پنجاب حکومت نے سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ پول کا افتتاح کیا، سوئمنگ کمپلیکس میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، سوئمنگ پول میں گرم اور ٹھنڈے پانی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جس سے سارا سال سوئمنگ کی سرگرمیاں منعقد ہوسکتی ہیں، 18 جنوری کو سپورٹس بورڈ پنجاب حکام نے بہاولپور کا دورہ کیا اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا، 21جنوری کو سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہاکی ورلڈ الیون کے دورہ کے لئے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے مکمل تعاون کیا، 25 جنوری کو حضرو اٹک میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی کرکٹ کوچنگ اکیڈمی کا افتتاح کیا گیا، 28 فروری کو ہونے والی 40 ویں نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے مکمل تعاون کیا، چیمپئن شپ میں ایران کی کبڈی ٹیم نے بھی شرکت کی، 9 مارچ سے چوتھی بین الصوبائی گیمز پشاور کی تیاری کے لئے تربیتی کیمپ لگائے گئے جو کہ 15 مارچ تک جاری رہے۔

18 مارچ سے شروع ہونے والی چوتھی بین الصوبائی گیمز پشاور میں پنجاب کے 325 رکنی دستے نے اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا اور مجموعی طور پر 139 میڈلز جیت کر پہلی پوزیشن حاصل،پنجاب نے سونے کے 65، سلور کے 44 اور کانسی کے 30 میڈلز شامل ہیں، چوتھی بین الصوبائی گیمز پشاور میں کامیابی سپورٹس بورڈ پنجاب کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، 20 اپریل کو سپورٹس بورڈ پنجاب کا سوئمنگ کیمپ شروع کیا گیا، کیمپ 15 مئی تک جاری رہا جس میں کوچز نے 45 بوائز اینڈ گرلز کو تربیت دی، 12 سے 16مئی تک انٹر ڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ منعقد کی گئی جس میں صوبہ بھر سے بوائز اور گرلز نے حصہ لیا، کھلاڑیوں کا انتخاب ٹرائلز لیکر میرٹ پر کیا گیا، سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب اوپن باکسنگ چیمپئن شپ بھی منعقد کرائی جس میں صوبہ بھر سے باکسرز نے حصہ لیا، اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان تھے، عامر خان نے ہمارے باکسرز کی حوصلہ افزائی کی۔

گرین اور صحت مند پنجاب کے سلوگن کے تحت صوبہ بھر میں کھیلوں کے مقابلے 17 جولائی سے 20 جولائی تک منعقد کروائے گئے۔ 31 اگست سے 7 ستمبر تک پنجاب انڈر 15 فٹ بال کپ 2018 کرایا گیا جس میں پنجاب کے کھلاڑیوں نے حصہ لیا جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ، ملتان کی ٹیم فاتح رہی، 7 سے 10 اکتوبر تک سپورٹس بورڈ پنجاب جونیئر بیڈمنٹن چیمپئن شپ منعقد کروائی گئی، افتتاحی تقریب میں ڈویلپمنٹ آفیسر بیڈمنٹن ایشیا سمبانتھن سیواپیرومل نے بھی شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس کی ہدایت پر 22 نومبر سے 8 سال بعد سپورٹس بورڈ پنجاب نے سالانہ کھیلوں کے کیلنڈر کے تحت انٹر تحصیل سطح پر مقابلے ہوئے جس میں ہزاروں کھلاڑیوں نے حصہ لیا، دوسرے مرحلے میں انٹر ڈسٹرکٹ، انٹر ڈویژن اور پھر پنجاب سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے، سپورٹس کیلنڈر پر عملدرآمد سے کھلاڑیوں کی نئی کھیپ سامنے آئے گی اور سپورٹس کو فروغ ملے گا، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہاکی کی بحالی اور فروغ کے لئے ہمیشہ تعاون کیا ہے، 2018ء کے ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس پر 24 نومبر کو عشائیہ دیا گیا، صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور خان بھٹی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے ٹیم کو گرمجوشی سے رخصت کیا گیا، 26 نومبر کو 30 ویں نیشنل وومن ہاکی چیمپئن شپ کا افتتاح صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے کیا، 5 دسمبر کو چین کے لیونگ صوبہ کے ایک وفد نے سپورٹس بورڈ پنجاب کا دورہ کیا جس میں چین کے ساتھ سپورٹس کے فروغ اور تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت پاکستان کے کوچز چین کے کھلاڑیوں کو کبڈی، دیسی کشتی اور ہاکی کی تربیت دیں گے جبکہ چین کے کوچز پاکستان کے کھلاڑیوں کو اتھلیٹکس، مارشل آرٹس، جمناسٹک اور ٹیبل ٹینس کی تربیت دیں گے، دونوں ممالک کے کھلاڑی ایک دوسرے کے ممالک جاکر میچز بھی کھیلیں گے۔

19دسمبرکو صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی نے سپورٹس کی ترقی کے لئے انقلابی اقدام کیا اور پنجاب کے ہر طالب علم کے لئے ایک کھیل میں حصہ لینا ضروری قراردیا،موسم سرما کی تعطیلات کے دوران 24 سے 29 دسمبر تک 6 روزہ تربیتی کیمپ لگائے گئے تاکہ طلبہ کو چھٹیوں میں مثبت سرگرمیوں میں شریک کیا جائے، سال کے آخر میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان رائے تیمور خان بھٹی اور ندیم سرور نے بیچ ریسلنگ ورلڈ چیمپئن شپ 2018ء ، کامن ویلتھ گیمزاور پیرا اولمپک ایشیئن گیمز میں پاکستان کے لئے گولڈ میڈلز جیتنے پر ریسلر انعام بٹ اور حیدر علی کو ایک، ایک لاکھ روپے کا چیک بطور انعام دیا ہے جبکہ 30 ویں وومن نیشنل ہاکی چیمپیئن شپ میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے پر پنجاب کی وومن ہاکی ٹیم کو 50ہزار روپے انعام دیا گیا، ان اقدامات سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوئی اور ان میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا ہوا۔