اسلام آباد ہائی کورٹ، موبائل فون سروس بند کرنے کے کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے فیصلہ آنے تک ملتوی

بدھ 23 جنوری 2019 21:14

اسلام آباد ہائی کورٹ، موبائل فون سروس بند کرنے کے کیس کی سماعت سپریم ..
اسلام آباد ۔ 23 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سکیورٹی کے نام پر موبائل فون سروس بند کرنے کے کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے فیصلہ آنے تک ملتوی کر دی۔ بدھ کو جسٹس عامر فاروق اور محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ ہائیکورٹ کے سنگل رکنی بنچ نے موبائل فون سروس کی بندش کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔

(جاری ہے)

سنگل رکنی بنچ کے فیصلہ کے خلاف پی ٹی اے کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل کی گئی تھی۔ سماعت کے دوران تمام موبائل کمپنیوں کے وکلا بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ وفاق کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل عادیہ عزیز عدالت میں پیش ہوئیں۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ پی ٹی اے کی درخواست قابل سماعت نہیں ہے، پی ٹی اے رولز کے مطابق پی ٹی اے کو سپریم کورٹ جانا چاہئے۔ پی ٹی اے کے وکیل نے کہا کہ سپریم کورٹ میں موبائل فون سروسز سے متعلق بھی ایک کیس زیر سماعت ہے۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی۔