سینئر وزیرعبدالعلیم خان کی زیر صدار ت اجلاس حکومت کا اس سال بسنت نہ منانے کا فیصلہ

برطانوی پولیٹیکل قونصلرولیم میڈلٹن کی سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے ملاقات ، باہمی تعاون کی پیشکش

بدھ 23 جنوری 2019 22:25

سینئر وزیرعبدالعلیم خان کی زیر صدار ت اجلاس حکومت کا اس سال بسنت نہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں پنجاب حکومت نے اس سال بسنت نہ منانے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس بارے میں لاہور ہائیکورٹ کو باقاعدہ آگاہ کر دیا جائے گا جس میں تفصیلی طور پر بتایا جائے گا کہ کن وجوہات کی بناء پر اس سال بسنت کا انعقاد ممکن نہیں البتہ آئندہ سال کیلئے بسنت کی تیاری کیلئے ابھی سے اداروں کو ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی ۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ڈور اور پتنگ کی تیاری کا نظام رجسٹرڈ ہونا چاہیے ،دھاتی تار کے استعمال اور مروجہ قوانین کی خلاف ورزی پر فوری اور سخت کاروائی عمل میں لائی جانی چاہیے ،اسی طرح اگر ضرورت ہو تو دیگر معاملات کو دائرے میں لانے کیلئے مزید قانون سازی بھی کی جا سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ محفوظ بسنت کے انعقاد کیلئی4سی6ماہ کی ورکنگ درکار ہے جس کیلئے ابھی سے کام کا آغاز ہو نا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں تو ایسی مثبت سرگرمیوں کا انعقا د ہو سکتا ہے جن سے ملک کا سافٹ امیج سامنے آئے اور لوگوں کو صحت مندانہ تفریح کے علاوہ کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو۔سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان سے برطانوی پولیٹیکل قونصلر ولیم میڈلٹن نے ملاقات کی ،90شاہرائے قائد اعظم پر ہونے والی اس ملاقات میں پنجاب حکومت کے اہم منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال ہوا ،سینئر وزیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں تعلیم ،صحت اور انفراسٹرکچر کی بہتری لانا چاہتے ہیں اور پنجاب حکومت برطانیہ سے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کی خواہاں ہے ،برطانوی پولیٹیکل قونصلر ولیم میڈلٹن نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان سے باہمی دلچسپی اور دیگر مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کے عمل کا خصوصی طور پر جائزہ لے رہے ہیں اور برطانیہ پنجاب حکومت سے بالخصوص جاری منصوبوں میں اپنا تعاون جاری رکھے گا اور مستقبل میں باہمی تعلقات میں اضافے کیلئے سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی اور برطانیہ پنجاب کے مختلف شعبوں میں نئے منصوبوں کیلئے بھی اپنا تعاون پیش کرے گا ۔