مولانا فضل الرحمن کا 2 فروری کو اسلام آباد میں کشمیری عوام سے یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے حوالے سے کل جماعتی مشاورتی کانفرنس کا اعلان

بدھ 23 جنوری 2019 22:29

مولانا فضل الرحمن کا 2 فروری کو اسلام آباد میں کشمیری عوام سے یکجہتی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2019ء) جمعیت علمائے اسلام(ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے 2 فروری کو اسلام آباد میںکشمیری عوام سے یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے حوالے سے کل جماعتی مشاورتی کانفرنس کا اعلان کر دیا ہے، کل جماعتی مشاورتی کانفرنس 2 فروری 2019 دن10:30 بجے اسلام آباد ہوٹل میں منعقد ہوگی،نفرنس میں ملک بھر سے سیاسی قائدین،قومی زعما،مذہبی رہنما،مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت اور اہم شخصیات شریک ہوں گی۔

تفصیلات کے مطابق جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے امیرمولانا فضل الرحمٰن نے جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے ،قابض افواج کے غیر انسانی سلوک، کشمیری خواتین کی مسلسل بے حرمتی،ریاستی جبر واستبداد کے زریعے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کو غصب کرنے اور حالیہ قتل وغارت گری کے خلاف اظہار مذمت اور بھارت چیرہ دستیوں کے شکار،مقبوضہ کشمیر کے ستم رسیدہ مظلوم و مقہور مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور اقوام عالم کو مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کی طرف متوجہ کرنے اور ملی و قومی ذمہ داری کے احساس کی بیداری کیلئے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے زیراہتمام2فروری 2019 بروز ہفتہ بوقت10:30 بجے دن بمقام اسلام آباد ہوٹل کل جماعتی مشاورت کا بھرپور انعقاد کیا جارہا ہے جس میں ملک بھر سے سیاسی قائدین،قومی زعما،مذہبی رہنما،مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت اور اہم شخصیات شریک ہوں گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر جے یو آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں سیاسی و مذہبی رہنماو?ں سے رابطے شروع کرلیئے گئے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت خصوصی طور پر کل جماعتی مشاورت میں شرکت کرے گی اس حوالے سے تمام معزز مہمانان گرامی کو خصوصی دعوت نامے بھی ارسال کرلئے گئے ہیں۔سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے یہ کل جماعتی مشاورت اہم پیش رفت ثابت ہوگی اس لئے ضروری ہے کہ پاکستانی عوام فروری کے پہلے ہفتہ کو سوشل میڈیا اور دیگر فورمز پر بھی اس مسئلہ کو اجاگر کریں تا جلد از جلدمظلوم کشمیریوں کو آزادی کی نعمت میسر آئے۔