نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار کی گرفتاری کے معاملے پر بھارت سے احتجاج کیا گیا ہے،وفاقی وزیر شیریں مزاری

بدھ 23 جنوری 2019 22:41

نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار کی گرفتاری کے معاملے پر بھارت ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار کی گرفتاری کے معاملے پر بھارت سے احتجاج کیا گیا ہے۔ بدھ کو ایوان بالا میں سینیٹر کشو بائی کے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سروجنی پولیس سٹیشن نے 13 جنوری کو من گھڑت الزامات لگا کر پاکستانی سفارتخانے کے اہلکار کو حراست میں لیا ہے، یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، پہلے بھی ایسے واقعات ہوتے رہے ہیں، اس کا رسپانس بھی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم امن چاہتے ہیں، ہم نے اس پر ایکشن لیا ہے، ہائی کمشنر کو بلایا گیا ہے کہ یہ ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، انڈیا میں الیکشن ہو رہے ہیں، وہ اس طرح کے اقدامات کر رہے ہیں، یہ فائرنگ کرتے ہیں، ہم نے اپنے ہائی کمشنر سے کہا کہ وہ بھارتی دفتر خارجہ میں اس پر احتجاج کرے۔ قبل ازیں توجہ مبذول نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر کشو بائی نے کہا کہ بھارتی پولیس نے پاکستانی سفارخانے کے اہلکار کو حراست میں لیا، یہ ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، کیا حکومت نے اس پر احتجاج کیا ہے یا نہیں۔