سی پیک پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لئے مستحکم بنیاد، خطے کو منسلک کرنے میں اہم کردارادا کر رہا ہے،

سی پیک تمام خطے میں امن و استحکام لانے میں بھی اہم کردار ادا کریگا، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کا چین پاکستان سٹڈی سینٹر "میگزین پائیووٹ" کی افتتاحی تقریب سے خطاب

بدھ 23 جنوری 2019 23:16

سی پیک پاکستان اور چین کے مابین تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لئے مستحکم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ(سی پیک )دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لئے مستحکم بنیاد، خطے کو منسلک کرنے میں اہم کردارادا کر رہا ہے، سی پیک تمام خطے میں امن و استحکام لانے میں بھی اہم کردار ادا کریگا، نوجوان نسل کو پاک چین دوستی کی وراثت کو آگے بڑھانے کے قابل بنانے کے لئے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لئے چین پاکستان سٹڈی سینٹر میگزین پائیووٹ اہم پلیٹ فارم ہے ۔

وہ بدھ کو انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد کے زیر اہتمام چین پاکستان سٹڈی سینٹر "میگزین پائیووٹ" کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔پائیووٹ میگزین پندرہ روزہ میگزین ہے جس کا مقصد پاکستان اور چین کے تعلقات ،مختلف پالیسیز ، معیشت ،کلچر ،سیاحت اور عوام کے عوام سے رابطوں کو فروغ دینا ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان میں متعین چین کے سفیر یائو جنگ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔

سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ لفظ "پائیووٹ((PIVOT " دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کا عکاس ہے کیونکہ چین پاکستان کی خارجہ پالیسی کا محور ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان سٹڈی سینٹردونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضروریات کو پوری کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمایا ہوا دوست ہے اور پاک چین دوستی جیسی بین الاقوامی تعلقات میں بہت کم ہی مثال ملتی ہے، پاکستان دنیا کو پرامن ترقی کا پیغام دینا چاہتا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے سخت جدوجہد کررہا ہے ۔

قبل ازیں ڈائریکٹر چین پاکستان سٹڈی سینٹر ڈاکٹر طلعت شبیر نے میگزین پائیووٹ کا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور چین تزویراتی معاون شراکتدار ہیں اور ان کے مابین دوطرفہ تعلقات وقت اور تاریخ کی ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں ، چین اور ان کی معیشت نے گلوبلائزیشن اور مشترکہ بہتری کے لئے نئے اہداف کا تعین کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اس لحاظ سے خوش قسمت ہے کہ اسے خطے میں خوشحالی اور رابطوں کا اہم کردار کا موقع ملا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سی پی ایس سی کا مقصد بامعنی تحقیق اور مختلف شعبوں میں پاک چین تعلقات کو فروغ دینا ہے ۔پاکستان میں متعین چین کے سفیر یائو جنگ نے میگزین کے پہلے شمارے کے اجراء پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چین کی خارجہ پالیسی پرامن ترقی اور مساوی تعاون کے دو اصولوں کی بنیاد پر استوار ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور وہ ہمیشہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات کے لئے کوشاں ہے، اس سلسلے میں چین پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کے لئے پرعزم ہے۔

دونوں ممالک کے مابین تعلقات سے متعلق انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تمام چیلجنز سے نمٹنے کے لئے ترقی اہم عنصر ہے ۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس ایس آئی اعزاز احمد چوہدری نے شرکاء کا خیرمقدم کیا جبکہ آئی ایس ایس آئی کے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین خالد مسعود نے پاک چین تعلقات پر روشنی ڈالی ۔