صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس94 کے ضمنی الیکشن کے موقع پر سیکورٹی کو غیرمعمولی بنایا جائے، آئی جی سندھ

بدھ 23 جنوری 2019 23:24

صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس94 کے ضمنی الیکشن کے موقع پر سیکورٹی کو غیرمعمولی ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام نے پولیس کو جاری ہدایات میں کہا ہے کہ پولیس سکیورٹی پلان کی جملہ ترجیحات حکمت عملی اور لائحہ عمل کے تناظر میں آئندہ آنیوالے دنوں کے دوران پی ایس 94 میں منعقدہ ضمنی الیکشن کے موقع پر حفاظتی اقدامات کو ہر سطح پر مربوط موثر اور غیرمعمولی بنایا جائے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق آئی جی سندھ نے کہا کہ علاقے میں امن وامان کے حالات پر مکمل پولیس کنٹرول کے ضمن میں مجموعی پولنگ اسٹیشنز کو درجہ بندیوں میں تقسیم کرکے انتہائی حساس،حساس اور نارمل کٹیگریز کے لحاظ سے بائی نیم پولیس ڈیپلائمنٹ کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن اورپولنگ کے عمل کے دوران ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیکر ناصرف یقینی بنایا جائے بلکہ اس حوالے سے پولیس ڈیپلائمنٹ کی بریفنگ کو بھی ترجیحی بنیاد پر ممکن بنایا جائے۔

(جاری ہے)

آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ مذکورہ حلقہ کے جرائم سے متاثرہ علاقوں میں خصوصی سکیورٹی فوکس رکھتے ہوئے ناصرف پیٹرولنگ پکٹنگ ریکی نگرانی انٹیلی جینس کلیکشن بلکہ داخلی وخارجی راستوں پر کڑی نگرانی اور سرچنگ کے عمل کو بھی یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایات دیں کہ علاقہ عوام میں احساس تحفظ کا شعور اجاگر کرنے کے لیئے ضمنی انتخاب سے قبل پولیس کے خصوصی دستوں سے فلیگ مارچ کے اقدامات بھی اٹھائے جائیں۔

انہوں نے ڈی آئی جی ایسٹ کو واضح ہدایات جاری کیں کہ شفاف اور غیرجانبدارانہ پولنگ کے ساتھ ساتھ امیدواران، رائے دہندگان،پولنگ اسٹاف کی سیکیورٹی اور پولنگ میٹیریلز کی مقرر کردہ مقام تک بحفاظت ترسیل کے حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت لاپروائی یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائیگی۔