روسی یوٹیلیٹی کمپنی نے بل کی ادائیگی کی یاد دہانی کے لیے رہائشی عمارتوں کے سامنے لکڑی کے ٹوائلٹ نصب کر دئیے

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 23 جنوری 2019 23:52

روسی یوٹیلیٹی کمپنی نے   بل کی ادائیگی کی یاد دہانی کے لیے رہائشی عمارتوں ..

روس کے شہر ایرکتسک میں ایک پبلک یوٹیلیٹی کمپنی نے لوگوں کو بل  کی یاددہانی کے لیے انوکھا طریقہ اپنایا ہے۔پچھلے نومبر میں ایرکتسک نادرن ہاؤسنگ اینڈ یوٹیلیٹی سسٹمز ڈائریکٹوریٹ نے ایک رہائشی عمارت کے باہر لکڑی کا ٹوائلٹ نصب کیا ہے۔ اس  ٹوائلٹ پر ”مقروضوں کا ٹوائلٹ“ بھی لکھا ہوا ہے۔ لکڑی کے اس ٹوائلٹ سے یوٹیلیٹی کمپنی نے رہائشیوں کو یاددہانی کرائی ہے کہ اگر انہوں نے بروقت واجبات ادا نہ کیے تو اُن کے یوٹیلیٹی کنکشن کاٹ دئیے جائیں گے۔

یہ طریقہ کار اتنا زیادہ کامیاب  ہوا کہ کمپنی نے لکڑی کے ان ٹوائلٹس کو دوسرے علاقوں میں بھی منتقل کر دیا ہے۔
نادرن ہاؤسنگ اینڈ یوٹیلیٹی سسٹمز ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر  الیکسے  میخائلوف نے بتایا کہ یہ فنکارانہ چیز بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار کی طرح ہےجو فوراً ہی مقروض کے دماغ کو نشانہ بناتا ہے اور اسے سوچنے پر مجبور کرتا ہے۔

(جاری ہے)

کمپنی کے ترجمان نے مزید کہا کہ یہ ٹوائلٹ یاد دہانی کراتا ہے کہ یوٹیلیٹی سروسز مفت نہیں اور انہیں کسی بھی وقت کاٹا جا سکتا ہے۔
قانون کے مطابق کمپنی قرض بڑھنے پر رہائشی عمارت کا سیوریج کا کنکشن کاٹ سکتی ہے لیکن ایرکتسک کے ڈائریکٹوریٹ نے آخری حربہ استعمال کرنے سے پہلے نفسیاتی دباؤ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوٹیلیٹی کمپنی نے فی الحال  ایسی عمارتوں کے سامنے ان لکڑی کے ٹوائلٹس کو رکھا ہے، جن کا قرض مجموعی طور پر 3 ملین روبل یا 45 ہزار ڈالر ہو گیا ہے ۔


”مقروضوں کے لیے ٹوائلٹس کو ایک دوسرے روسی شہر سمارا میں ہرم قرض (تفصیلات اس صفحے پر) سے متاثر ہو کر پیش کیا گیا ہے۔ سمارا کی یؤٹیلیٹی کمپنی نے بھی مقروض لوگوں کے گھروں کے سامنے لوہے کا بنا ایک ہرم رکھنا شروع کردیا جس پر ”یہاں مقروض رہتا ہے“ لکھا ہوتا ہے۔ اسی طرح چینی شہر میں بنک نے مقروضوں کے نام سینما میں فلم شروع ہونے سے پہلے شارٹ کلپ کی صورت میں دکھانا شروع کر دئیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :