Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے اندر سے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنائے جانے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کا بیان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 24 جنوری 2019 12:17

پاکستان تحریک انصاف کے اندر سے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ بنائے جانے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جنوری 2019ء) : مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے اندر موجود پرویز الٰہی گروپ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کے لیے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے استعفیٰ نہیں لیا جانا چاہئیے۔ جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ اگر سانحہ ساہیوال کی ویڈیو نہ بنتی تو یہ معاملہ گول ہو جاناتھا۔

ویڈیو دیکھ کر لوگ کہتے ہیں کہ ذیشان کو زندہ پکڑا جا سکتا تھا، اور اس طرح باقی لوگ بھی زندہ بچ سکتے تھے۔ لیکن افسوس کہ واقعہ کے فوری بعد حکومتی نمائندوں نے بھی کہنا شروع کر دیا کہ مارے جانے والے دہشتگرد تھے۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز یہ خبر موصول ہوئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کی اتحادی جماعت مسلم لیگ ق نے حکومت سے تحفظات کا اظہار کیا کیا ، اپوزیشن جماعتوں نے دونوں جماعتوں میں دوریاں بڑھانے کی ٹھان لی اور دونوں جماعتوں کے مابین ان دوریوں کا بھرپور فائدہ اُٹھانے کا فیصلہ بھی کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی نے اس تمام تر صورتحال سے فائدہ اُٹھانے کے لیے مسلم لیگ ق کو حکومت سے علیحدہ ہونے کا مشورہ دے دیا ہے۔ پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ق کو پیشکش کی ہے کہ آپ پنجاب کی وزارت اعلیٰ سنبھال لیں ، ہم اور مسلم لیگ ن آپ کا ساتھ دیں گے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ ن نے بھی پنجاب کی وزارت اعلیٰ مسلم لیگ ق کو دینے کا عندیہ دیا تھا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کی قیادت وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں ان کے سامنے اپنے تمام تر تحفظات بیان کرے گی جس کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

ایک طرف پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سانحہ ساہیوال پر عوامی دباؤ کا شکار ہے تو دوسری جانب مسلم لیگ ق کے تحفظات بھی حکومتی جماعت کے لیے پریشانی کا باعث ہیں۔ذرائع کے مطابق چودھری برادران کی طرف سے ابھی تک حکومت کا ساتھ نہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چودھری برادران کے مطابق وہ پاکستان تحریک انصاف کی اعلیٰ قیادت کو معاملات سلجھانے کے لیے وقت دینا چاہتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات