Live Updates

رمضان شوگر ملز کیس:احتساب عدالت نے نیب سے رپورٹ طلب کرلی

آشیانہ سکیم کیس میں شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 24 جنوری 2019 13:18

رمضان شوگر ملز کیس:احتساب عدالت نے نیب سے رپورٹ طلب کرلی
 لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 جنوری۔2019ء) عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کیخلاف رمضان شوگر ملز کیس میں ریفرنس سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ہے. احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس پر سماعت کی. نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ اور شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز عدالت کے روبرو پیش ہوئے‘ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ رمضان شوگر ملز میں عوامی خزانے کے استعمال کے معاملے پر دائر کیا جانے والا ریفرنس چیئرمین نیب کو منظوری کے لئے بھجوا دیا ہے، توقع ہے کہ آئندہ سماعت تک شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر مل کیس میں ریفرنس دائر کر دیا جائے گا.

(جاری ہے)

شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوئے اس موقع کر کوٹ لکھپت جیل حکام کی جانب سے شہباز شریف کے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جاری کئے گئے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈرز بھی عدالت میں پیش کئے. عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس سے متعلق 15 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس پر سماعت سات فروری تک ملتوی کردی.

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق شہباز شریف پر رمضان شوگر ملز کے لئے سرکاری خزانے سے نالہ اور پل بنانے کا الزام ہے جب کہ ملزم نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا. دوسری جانب عدالت نے آشیانہ سکیم کیس میںسابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کردی ہے . قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف آشیانہ ہاﺅسنگ کیس کی سماعت ہوئی جس میں جیل حکام نے شہباز شریف کو پیش نہ کرنے سے متعلق رپورٹ پیش کردی، رپورٹ میں کہا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کررکھے ہیں لہذا قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث شہباز شریف کو پیش نہیں کیا جاسکا.

نیب پراسیکوٹر نے کہا کہ آشیانہ اقبال سکینڈل کیس میں ملزمان کو ریفرنس کی صاف کاپیاں فراہم کر دی گئیں،بعض دستاویزات چائنیز زبان میں ہیں جن کا ترجمہ کرکہ کاپیاں ائندہ سماعت پر ملزماں کو فراہم کردی جائیں گی. دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کے پرسنل سیکرٹری فواد حسن فواد اور سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ سمیت چند دیگر ملزمان کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا. بعد ازاں عدالت نے شہبازشریف، احد چیمہ،فواد حسن فواد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 روز کی توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 فروری تک ملتوی کردی.
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات