ویسٹ انڈیزویمن ٹیم15سال بعد پاکستان آئیگی

دونوں ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلی جائیگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 جنوری 2019 14:02

ویسٹ انڈیزویمن ٹیم15سال بعد پاکستان آئیگی
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جنوری2019ء) پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ ٹیم کی بحالی کی جانب ایک اور قدم اٹھ گیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے جمعرات کے روز اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیم آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے چوتھے راﺅنڈ سے قبل تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے کراچی آئے گی ۔ دونوں ٹیمو ں کے مابین ٹی ٹونٹی میچز31جنوری،یکم فروری اور3فروری کو ساﺅتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیمیں متحدہ عرب امارت میں آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے سلسلے میں تین ون ڈے میچز کی سیریز میں آمنے سامنے ہوں گی، سیریز کا پہلا میچ7فروری کو دبئی انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس کے بعد بقیہ دو میچز 9اور11فروری کو آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

آخری مرتبہ ویسٹ انڈین ویمن ٹیم نے مارچ 2004ءمیں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران ٹیسٹ سیریز کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوئی جب کہ 7 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز ویسٹ انڈیز نے 2-5 سے اپنے نام کی تھی۔ یاد رہے کہ زمبابوے نے 2015 ءمیں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز پاکستان میں کھیلی۔فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم نے 2017 ءمیں پاکستان کا دورہ کیا اور تین ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جب کہ سری لنکا نے بھی اسی سال پاکستان میں ایک ٹی ٹونٹی میچ کھیلا۔

ویسٹ انڈیز نے 2018 ءمیں پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کراچی میں کھیلی اور اب پاکستان پی ایس ایل کے 8 میچز کی میزبانی اپنی سرزمین پر کرنے جارہا ہے جس میں اے بی ڈیویلیئرز سمیت بڑے بڑے کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے ۔