کنوارے پولیس اہلکاروں کے لیے بڑی خوشخبری

سندھ پولیس کے غیر شادی شدہ اہلکاروں کے لیے 'شادی گرانٹ ' مختص،سندھ پولیس کے مرد یا خواتین اہلکاروں کو پہلی شادی کرنے کے لیے 50 ہزار روپے خصوصی گرانٹ ملے گی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 24 جنوری 2019 14:12

کنوارے پولیس اہلکاروں کے لیے بڑی خوشخبری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری2019ء) سندھ پولیس کے ویلفئیر بورڈ نے غیر شادی شدہ اہلکاروں کے لیے 'شادی گرانٹ ' مختص کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ پولیس کے مرد یا خواتین اہلکاروں کو پہلی شادی کرنے کے لیے 50ہزار روپے خصوصی گرانٹ ملے گی۔گرانٹ کے حصول کے لیے اہلکاروں کو خود کو کنورا ثابت کرنا ہو گا کیونکہ یہ گرانٹ صرف پہلی شادی کرنے والے اہلکاروں کو ہی ملے گی۔

اور شادی ہونے کے ایک ماہ کے اندر اندر اہلکار کو نکاح نامہ بھی جمع کروانا ہو گا۔سندھ پولیس کے ایڈیشنل آئی جی وئیلفئیر ڈاکٹر رضوان احمد خان نے بتایا کہ سندھ پولیس کی ایک لاکھ پندرہ ہزار نفری ہے۔ایک اندازے کے مطابق 20ہزار سے زائد پولیس اہلکار کنوارے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مرد یا خواتین کنوارے اہلکاروں کو گرانٹ حاصل کرنے کے لیے ملازمت کا تقررنامہ، کنوارا ثابت کرنے کے لیے نادرا کا فیملی رجسٹریشن سرٹیفیکٹ اور شادی کا دعوی نامہ جمع کروانا ہو گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رضوان کے مطابق ماضی میں سندھ پولیس ملازم کے صرف ایک بیٹے کی شادی کیے لیے 10ہزار روپے گرانٹ دی جاتی تھی۔جو اب بڑھ کر 50ہزار روپے کر دی گئی ہے۔اور اب پولیس ملازم کے دو بچوں کو شادی کرنے کے لیے گرانٹ فراہم کی جائے گی۔ماضی میں نکاح نامہ جمع کروانے کی صورت میں خصوصی شادی گرانٹ دی جاتی تھی مگر اب شادی گرانٹ ایڈوانس میں ملے گی تاہم شادی ہونے کے ایک ماہ کے اندر اندر پولیس ملازمین کو اصل نکاح نامہ اور دیگر دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔

اے جی ویلفئیر کے مطابق سندھ پولیس کے شہید ملازمین کے بھی دو بچوں کے لیے خصوصی شادی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔واضح رہے سندھ پولیس اہلکاروں کو یہ شادی گرانٹ صرف پہلی شادی کرنے کی صورت میں دی جائے گی۔سندھ پولیس کے مرد یا خواتین اہلکاروں کو پہلی شادی کرنے کے لیے 50 ہزار روپے خصوصی گرانٹ ملے گی۔