سرفراز احمد سے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی لے لینی چاہیئے:آصف اقبال

مکی آرتھر کو ایک ہی وقت میں پاکستانی ٹیم کےساتھ ٹی ٹونٹی فرنچائز کا کوچ نہیں ہونا چاہئے:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 جنوری 2019 14:49

سرفراز احمد سے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی لے لینی چاہیئے:آصف اقبال
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جنوری2019ء) سابق قومی کپتان آصف اقبال کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کے حق میں نہیں کہ سرفراز احمد کو ٹیسٹ کرکٹ میں بھی قیادت جاری رکھنے کا موقع دیا جائے ، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو ایک ہی وقت میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ کسی ٹی ٹونٹی فرنچائز کا کوچ نہیں ہونا چاہئے۔ ایک انٹر ویو کے دوران آصف اقبال کا کہنا ہے کہ سرفرازاحمد پر ٹیسٹ کرکٹ کا اضافی دباﺅکم کردینا بہتر فیصلہ ہوگا،انھوں نے کہا کہ ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان نمبر ون، ون ڈے میں چیمپئنز ٹرافی کا فاتح ہے،ٹیسٹ میں ناکامی ہو تو سرفراز احمد پر تنقید شروع ہوجاتی ہے،اس سے ان پر اضافی دباﺅ پڑ جاتا ہے،میں اسی لیے کہتا ہوں کہ انھیں صرف محدود اوورز کی کرکٹ میں کپتان ہونا چاہیے۔

واضح رہے کہ مکی آرتھر پی ایس ایل میں کراچی کنگز کے لیے بھی کوچنگ کے فرائض انجام دیتے ہیں اور آصف اقبال کا ایک حالیہ گفتگو میں کہنا تھا کہ ان کے لیے یہ بات حیران کن ہے کہ مکی آرتھر دونوں عہدوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں حالانکہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کو ان تمام باتوں سے باالاتر ہونا چاہئے جس کا کسی فرنچائز کا حصہ ہونا قابل قبول نہیں کہا جا سکتا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کو چاہئے کہ وہ فرنچائز کرکٹ کے پورے ایونٹ پر نظر رکھے اور ہر ٹیم کے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو مانیٹر کرے تاکہ پاکستان کا مفاد سب سے اہم رہے۔آصف اقبال کا کہنا تھا کہ تمام ناقدین خراب بیٹنگ کارکردگی پر پاکستانی بیٹسمینوں پر تنقید کرتے رہتے ہیں لیکن انہیں یہ بھی ضرور دیکھنا چاہئے کہ قومی کرکٹ ٹیم میں ایک ہیڈ کوچ کے ساتھ ہی بیٹنگ کوچ بھی موجود ہے۔