ابوظہبی: دورانِ ڈرائیونگ سات غلطیاں بھاری جرمانے کا باعث بن سکتی ہیں

ان غلطیوں پر آٹھ سو درہم جرمانے کے علاوہ 4 بلیک پوائنٹس بھی بھُگتنا ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 24 جنوری 2019 15:03

ابوظہبی: دورانِ ڈرائیونگ سات غلطیاں بھاری جرمانے کا باعث بن سکتی ہیں
ابو ظہبی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24 جنوری 2019ء ) ابو ظہبی پولیس نے ڈرائیورز کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ دورانِ ڈرائیونگ کچھ خاص غلطیاں نہ کریں جو چند سیکنڈز کے اندر کسی ہولناک سانحے کا باعث بن سکتی ہیں۔ پولیس کے مطابق ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کو ہاتھ میں تھام کر اس پر میسج کرنا یا کال سُننا خطرے سے خالی نہیں ہے۔ اگر کوئی شخص ایسا کرتا پایا گیا تو اُسے آٹھ سو درہم کا جرمانہ عائد کیا جائے گا اس کے علاوہ اُس کے ڈرائیونگ لائسنس پر چار بلیک پوائنٹس کا اندراج بھی ہو گا۔

جبکہ اس کے علاوہ کچھ اور حرکات بھی ہیں جن کا ڈرائیونگ کے دوران ارتکاب کرنا مہلک ثابت ہو سکتا ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران گاڑی میں پالتو جانوروں یا بچوں کی جانب دھیان رکھنے سے ڈرائیونگ سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ سگریٹ نوشی اور کھانا پینا بھی ڈرائیونگ سے دھیان ہٹا دیتا ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران ریڈیو یا ساؤنڈ سسٹم کا والیم ایڈجسٹ کرنے سے اجتناب کرنا چاہیے۔

کار چلاتے وقت گاڑی میں دائیں بائیں یا سامنے پڑی چیز اُٹھانے کے دوران بھی توجہ سڑک سے ہٹ جاتی ہے۔ دوران ڈرائیونگ GPS اور میپ ریڈنگ بھی خطرے کا باعث بنتی ہے۔ ڈرائیونگ کے دوران خواتین کو میک اپ کرنے یا بالوں کو سنوارنے سے باز رہنا چاہیے۔ ڈرائیورز کو چاہیے کہ وہ درج کی گئیں ٹریفک خلاف ورزیوں کا ارتکاب نہ کریں۔ کیونکہ ان سے توجہ سڑک اور ٹریفک پر سے ہٹنے سے کسی خوفناک حادثے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ جرمانے کی مد میں آٹھ سو درہم اور 4 بلیک پوائنٹس بھی بھُگتنے پڑ سکتے ہیں۔