رینجرز کی لانڈھی میں کارروائی، نادرا سینٹر سے شناختی کارڈز کی چوری میں ملوث ملزم گرفتار

جمعرات 24 جنوری 2019 16:19

رینجرز کی لانڈھی میں کارروائی، نادرا سینٹر سے شناختی کارڈز کی چوری ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) پاکستان رینجرز (سندھ) نے لانڈھی میں کارروائی کرتے ہوئے نادرا سینٹر سے شناختی کارڈز بمعہ فارم چوری کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گذشتہ شب لانڈھی ساڑھے تین نمبر میں واقع نادرا سینٹر سے شناختی کارڈ بمعہ فارم چوری ہونے کی میڈیا رپورٹ پر رینجرز نے تحقیقات کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے واقعہ کے محرکات کا جائزہ لیتے ہوئے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر لانڈھی ساڑھے تین نمبر میں کارروائی کرتے ہوئے چوری میں ملوث مرکزی ملزم ولید حسین ولد واجد حسین کو گرفتار کر لیا۔

ملزم کے قبضے سے چوری شدہ 803 شناختی کارڈ بمعہ فارم اور 2 عدد بے نظیر انکم سپورٹ کارڈ برآمد کر لئے گئے۔ اعلامیہ کے مطابق ملزم ولید حسین نے ابتدائی تفتیش کے دوران اعتراف کیا ہے کہ چرائے جانے والے شناختی کارڈز کی تعداد 803 ہے جنہیں ملزم نے اپنے ایک رشتہ دار کے گھر چھپا رکھا تھا۔ ملزم کو مزید قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔