سفارتکار عالمی سطح پر تجارتی اقتصادی مواقع کو بہترین سفارت کاری سے بروئے کار لائیں،

معاشی سفارتکای کی نئی جہتوں پر بھرپور توجہ دینا ہو گی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اڑتیسویں سپیشلائزڈ ڈپلومیٹک ٹریننگ کورس کی گریجویشن تقریب سے خطاب

جمعرات 24 جنوری 2019 16:29

سفارتکار عالمی سطح پر تجارتی اقتصادی مواقع کو بہترین سفارت کاری سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ تیزی سے رونما ہونے والی عالمی تبدیلیوں میں ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، ہمارے سفارتکاروں کو ان چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ہمیں معاشی سفارتکای اور سفارتکای کی نئی جہتوں پر بھی بھرپور توجہ دینا ہو گی۔جمعرات کو فارن سروسز اکیڈمی میں اڑتیسویں سپیشلائزڈ ڈپلومیٹک ٹریننگ کورس میں شامل افسران کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہاکہ تیزی سے رونما ہونے والی عالمی تبدیلیوں میں پاکستان کے لئے جہاں بہت سے مواقع موجود ہیں وہاں ہمیں بہت سے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔

ہمارے سفارتکاروں کو ان چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔تقریب میں سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ ،سابقہ ڈی جی اکیڈمی، ریٹائرڈ سینئر سفارتکار، اسلام آباد کے موقر تعلیمی اداروں کے نمائندگان اور تربیت مکمل کرنے والے افسران کی فیملیز نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کامیابی سے تربیت مکمل کرنے والے نئے افسران کو مبارکباد پیش کی اور انہیں فارن سروس آف پاکستان کا حصہ بننے پر خوش آمدید کہا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے سفارتکاروں کو خطے میں اور عالمی سطح پر موجود تجارتی اقتصادی مواقع کو بہترین سفارت کاری سے بروئے کار لانا ہے۔مجھے اپنے سفارتکاروں کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں سے دنیا بھر میں پاکستان کی بہترین نمائندگی کریں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ مجھے مکمل یقین ہے کہ ہمارے ڈپلومیٹس پوری تندہی سے ملک و قوم کی خدمت کریں گے۔

ہم فارن سروس اکیڈمی کو تکنیکی سہولیات اور تربیت کے لحاظ مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے بہترین سفارت کار پیدا کیے لیکن آج ہمیں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن سے ہمیں عہدہ براہ ہونا ہے۔ہمیں معاشی سفارتکای اور سفارتکای کی نئی جہتوں پر بھی بھرپور توجہ دینا ہو گی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دوران تربیت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم اور اکیڈمی کی وزیٹرز بک میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔