وزیر اعظم آزادکشمیرکی زیرصدارت موسم بہار کی شجرکاری مہم کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس

اجلاس میں رواں سال کو شجرکاری کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا

جمعرات 24 جنوری 2019 17:44

وزیر اعظم آزادکشمیرکی زیرصدارت موسم بہار کی شجرکاری مہم کے حوالہ ..
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان کی زیرصدارت موسم بہار کی شجرکاری مہم کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس جمعرات کے روز وزیرا عظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔اجلاس میں رواں سال کو شجرکاری کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا ، شجرکاری کا باقاعدہ آغاز08فروری سے کیا جائیگا۔

وزراء کرام اپنے اپنے حلقہ جات میں شجرکاری مہم کا افتتاح کرینگے جبکہ پولیس اور دیگر محکمہ جات کو شجرکاری کیلئے مختلف کلوژرز الاٹ کیے جائینگے۔ بڑوں شہروں میں فی گھر کے حساب سے پودے تقسیم کیے جائینگے ۔ محکمہ زراعت 29حلقہ جات میں اس مہم کی مناسبت سے پھلدار پودہ جات کے باغ لگائے گا۔ تعلیمی ادارہ جات بالخصوص کالجز اور یونیورسٹیز کو بھی اس مہم کا حصہ بنایا جائیگا۔

(جاری ہے)

ڈویلپمنٹ اتھارٹی ،میونسپل کارپوریشنز اور میونسپل کمیٹیز اس حوالہ سے مختلف جگہوں کا انتخاب کر کے ان میں شجری کاری کرینگی۔ آزادکشمیر کو پاکستان سے ملانے والی اور بین الاضلاعی شاہرائوں کے ساتھ شجرکاری کی جائے گی جبکہ اس حوالہ سے مفت پودہ جات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔محکمہ زراعت پانچ لاکھ پھلدار وپودے مفت تقسیم کریگااور تمام متعلقہ اداروں ، وکلاء ، طلباء ، سول سوسائٹی اور تاجروں کو اس مہم میں شریک کیا جائیگا۔

تمام سرکاری ریسٹ ہائوسز میں سیاحوں کو شجرکاری کیلئے پودے فراہم کیے جائیں گے جواپنے اپنے نام کی تختیوں کے ساتھ ریسٹ ہائوسز کے اطراف میں پودے لگائیں گے ۔ اس حوالہ سے تمام محکمہ جات روزانہ کی بنیاد پر اپنی پراگرس سے وزیر اعظم سیکرٹریٹ کو آگاہ کرینگے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ رواں سال روایتی طریقہ سے ہٹ کر جدید تقاضوں کے مطابق شجرکاری مہم شروع کی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ6فروری کو اس حوالہ سے باضابطہ اعلان کرونگا۔ تمام ضلعی اور ٹائون کمیٹیزکے ایڈمنسٹریٹرز اور سربراہان محکمہ جات اس عمل میں بھرپور حصہ لیں اور شجرکاری مہم کی کامیابی کو یقینی بنائیں گے ۔ تمام محکمہ جات محکمہ جنگلا ت کے ساتھ بھرپور تعاون کریں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر نے رواں سال کو شجرکاری کے سال کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اس حوالہ سے ریگولر بنیادوں پر خود مانیٹرنگ کروں گا اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں جنگلات کی شرح کم ہوتی جارہی ہے جو کہ ایک تشویشناک امر ہے۔اس وقت گلوبل وارمنگ دنیا کیلئے ایک بہت بڑا مسئلہ ہے ۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما ہونے کیلئے شجرکاری اور شجرپروری پر بھرپور توجہ دی جانی ہوگی تاکہ آنے والی نسلوں کی بقا کو یقینی بنایا جا سکے ۔ اجلاس میں سیکرٹری جنگلات ڈاکٹر شہلا وقار، سیکرٹری زراعت راجہ طارق مسعود، ڈی جی سیاحت ارشاد پیرزادہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔