پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچز 31 جنوری سے کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیںگے

جمعرات 24 جنوری 2019 18:19

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ویمن ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچز 31 جنوری ..
لاہور۔24 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے کی جانے والی کوششیں بار آور ثابت ہونا شروع ہوگئیں اور ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیم 15 سال کے طویل عرصے بعد پاکستان میںکھیلنے پر تیار ہوگئی جبکہ مردوں کی کرکٹ ٹیم گزشتہ سال پاکستان کا دورہ کرچکی ہے۔ ویسٹ انڈیز کی ویمن کرکٹ ٹیم رواں ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان ویمنز ٹیم کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا انعقاد 31 جنوری سے ہوگا جس کے لیے پاکستان میںانتظامات مکمل کیئے جارہے ہیں ۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان 31 جنوری، یکم فروری اور 3 فروری کو میچز کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کے تین ایک روزہ میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے اور تینوں میچز 7، 9 اور 11 فروری کو دبئی میں ہوں گے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم آئی سی سی کی ٹی 20 انٹرنیشنل کی رینکنگ میں چوتھے نمبر پر ہے جبکہ پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔اسی طرح ون ڈے رینکنگ میں ویسٹ انڈیز چھٹے اور پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔ اس سے قبل زمبابوے نے 2015 میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز پاکستان میں کھیلی۔فاف ڈوپلیسی کی قیادت میں ورلڈ الیون کی ٹیم نے 2017 میں پاکستان کا دورہ کیا اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جب کہ سری لنکا نے بھی اُسی سال پاکستان میں ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا۔

ویسٹ انڈیز نے 2018 میں پاکستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کراچی میں کھیلی اور اب پاکستان پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کے 8 میچز کی میزبانی اپنی سرزمین پر کرنے جارہا ہے۔واضح رہے کہ آخری مرتبہ ویسٹ انڈین ویمن ٹیم نے مارچ 2004 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران ٹیسٹ سیریز کسی نتیجے کے بغیر ختم ہوئی جب کہ 7 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز ویسٹ انڈیز نے 2-5 سے اپنے نام کی تھی۔

ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کا دورہ پاکستان، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی جانب مزید ایک اور قدم ہے،پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا ہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم کا دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے ایک اہم قدم ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ میں مثالی تعلقات رہے ہیں جو آنے والے وقتوں میں مزید مضبوط ہوں گے۔

پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کا کہنا تھا کہ ’ویسٹ انڈیز کی خواتین کی ٹیم کی کراچی آمد پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اچھی خبر ہے، ہم ویسٹ انڈیز اور اس کے کھلاڑیوں کے پی سی بی پر اعتماد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرکٹ ویسٹ انڈیز کا یہ فیصلہ ثابت کرتا ہے کہ پاکستان دیگر ممالک کی طرح محفوظ ہے اور ان کا یہ دورہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی مکمل طور پر بحالی کے لیے اہم قدم ثابت ہوگا۔

دوسری جانب اس دورے کے حوالے سے کرکٹ ویسٹ انڈیز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جونی گریو کا کہنا تھا کہ اپریل 2018 میں ویسٹ انڈیز ٹیم کی پاکستان کی جانب سے میزبانی کے پیش نظر ہم نے پی سی بی کو تصدیق کی کہ ہماری خواتین کی ٹیم بھی کراچی میں 3 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کھیلے گی۔ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں ہمارے دوستوں کے لیے اہم قدم ہے تاکہ ان کی کرکٹ ان کے گھر واپس آسکے اور ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے کھلاڑی اور دیگر اسٹاف نے اس میں ہماری حمایت کی ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کی جانب سے سکیورٹی کا منصوبہ ویسا ہی تشکیل دیا گیا ہے جیسا مینز ٹیم کے لیے گزشتہ سال تھا۔جونی گریو کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام کھلاڑیوں اور اسٹاف کو واضح کردیا ہے کہ اگر کسی کو اس دورے کے حوالے سے کوئی تحفظات ہیں تو ہم ان کی بات سنیں گے۔