پاکستان نے کم فاصلے تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائل نصر کا کامیاب تجربہ کرلیا، آئی ایس پی آر

صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہوں کی میزائل تجربے پر مبارکباد دی

جمعرات 24 جنوری 2019 18:28

پاکستان نے کم فاصلے تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائل نصر کا کامیاب تجربہ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) پاکستان نے کم فاصلے تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائل نصر کا کامیاب تجربہ کرلیا ، صدر مملکت، وزیراعظم، چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہوں نے میزائل تجربے پر مبارکباد دی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نے جمعرات کو زمین سے زمین پر تھوڑے فاصلے تک مار کرنیوالے بیلسٹک میزائل نصر کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

تجربے کا مقصد پاکستان کی آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ کی پیشہ وارانہ استعداد میں اضافہ کرنا اور مطلوبہ پیرا میٹرز کا جائزہ لینا تھا۔ نصر میزائل انتہائی کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات ، ڈائریکٹر جنرل سٹرٹیجک پلانز ڈویژن، کمانڈر آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ، چیئرمین نیسکام، آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسران، سٹرٹیجک آرگنائزیشنز کے سائنسدانوں اور انجینئرز نے میزائل تجربے کا مشاہدہ کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے آرمی سٹرٹیجک فورسز کمانڈ کے تربیتی معیار اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا ۔ انہوں نے ملکی دفاعی صلاحیت میں اضافے کیلئے اس جدید ہتھیار کی تیاری پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی ۔ انہوںنے تمام سٹرٹیجک اثاثوں کی موثر کمانڈ، کنٹرول اور سیکیورٹی اور اس سلسلے میں کئے گئے اقدامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر مملکت، وزیراعظم اور مسلح افواج کے سربراہوں نے بھی میزائل تجربے پر مبارکباد دی ہے۔