نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں خاندان کے افراد ، رہنمائوں اور کارکنوں کی ملاقاتیں

تما م افراد نے نواز شریف سے انکی صحت بارے دریافت کیا، صحتیابی اور درازی عمر کی دعائیں مریم نواز اور پارٹی رہنمائوں نے نواز شریف سے مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا /جیل کے باہر کارکنوں او رجیل سکیورٹی میں تلخ کلامی مائزہ حمید سمیت کئی افراد کو لسٹ میں نام نہ ہونے کی وجہ سے آگے جانے سے روکدیا گیا ، نواز شریف کی صحتیابی کیلئے بکروں کا صدقہ بھی دیا گیا

جمعرات 24 جنوری 2019 18:28

نواز شریف سے کوٹ لکھپت جیل میں خاندان کے افراد ، رہنمائوں اور کارکنوں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) شریف خاندان کے افراد ،رشتہ داروں ،دوست احباب ،پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں نے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن)کے قائد محمد نواز شریف سے ملاقاتیں کیں، مریم نواز اورپارٹی رہنمائوں نے نواز شریف سے ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال ،قانونی معاملات اور دیگر امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزر یر اعظم محمد نوازشریف سے کوٹ لکھپت جیل میں ان کی والدہ بیگم شمیم اختر ،بیٹی مریم نواز ، نواسی مہر النساء ،نواز شریف کے بھائی عباس شریف مرحوم کے صاحبزادوں،شہباز شریف کے خاندان کے افراد ،قریبی رشتہ داروں ،دوست احباب، پارٹی رہنمائوںپرویز رشید ،انجینئر خرم دستگیر،طلال چوہدری ، مفتاح اسماعیل ،عظمی بخاری ،وائس چیئرمینز ایکشن کمیٹی کے صدر جہانزیب اعوان ، میاں جاوید لطیف ،طارق فضل چوہدری سمیت دیگر نے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے اپنی والدہ کے پائوں چھوئے جبکہ والدہ نے اپنے بیٹے کو ماتھے پر بوسہ دے کر دعائیں دیں۔ملاقات کرنے والے تمام افراد نواز شریف کی صحت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پوچھتے رہے اوران کی صحتیابی اور درازی عمر کی دعائیں دیتے رہے ۔اہل خانہ نے حسب معمول دوپہر کا کھانا نواز شریف کے ہمراہ کھایا ۔ نواز شریف نے مریم نواز اور پارٹی رہنمائوں سے ہونے والی ملاقاتوں میں ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی گفتگو کی ۔

قبل ازیں مرد و خواتین کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی نواز شریف اور شریف خاندان سے اظہار یکجہتی کیلئے صبح سویرے کوٹ لکھپت جیل پہنچ گئے جو خاندان کے افراد کی روانگی تک جیل کے باہر موجود رہے ۔ مریم نواز کی آمد پر کارکنوںنے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور ان کے حق میں نعرے لگائے ۔ جیل سکیورٹی نے ملاقاتیوں کی لسٹ میں نام موجود نہ ہونے کی وجہ سے کئی افراد کو آگے جانے سے روکدیا جس کی وجہ سے تلخ کلامی بھی دیکھنے میں آئی ۔گزشتہ روز بھی مائی وڈیری کی جانب سے نواز شریف کی صحتیابی کے لئے دو بکروں کا صدقہ دیا گیا ۔