سندھ پولیس کے کنواروں کیلئے خوشخبری،سندھ پولیس کے ویلفیئر بورڈ نے ان کیلئے شادی گرانٹ مختص کردی

سندھ پولیس کے مرد یا خواتین اہلکاروں کو پہلی شادی کرنے کیلئے 50 ہزار روپے خصوصی گرانٹ ملے گی،ڈاکٹر رضوان احمد خان

جمعرات 24 جنوری 2019 19:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) سندھ پولیس کے کنواروں کیلئے خوشخبری ہے کہ آئی جی سندھ سید کلیم امام کی سربراہی میں سندھ پولیس کے ویلفیئر بورڈ نے ان کیلئے شادی گرانٹ مختص کردی ہے۔گرانٹ کے حصول کیلئے پولیس اہلکاروں کو خود کو کنوارا ثابت کرنا ہوگا اور شادی کے بعد ایک ماہ کے اندر اندر نکاح نامہ جمع کرانا ہوگا۔

سندھ پولیس کے اے آئی جی ویلفیئر ڈاکٹر رضوان احمد خان نے اس ضمن میںبتایا کہ سندھ پولیس کی ایک لاکھ 15 ہزار کی نفری میں سے ایک اندازے کے مطابق 20 ہزار سے زائد اہلکار کنوارے ہیں۔سندھ پولیس کے مرد یا خواتین اہلکاروں کو پہلی شادی کرنے کیلئے 50 ہزار روپے خصوصی گرانٹ ملے گی۔ڈاکٹر رضوان احمد خان کے مطابق مرد یا خواتین کنوارے اہلکاروں کو گرانٹ کے حصول کے لئے ملازمت کا تقرر نامہ، کنوارا ثابت کرنے کیلئے نادرا کا فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ(ایف آر سی) اور شادی کا دعوت نامہ جمع کرانا ہوگا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رضوان کے مطابق ماضی میں سندھ پولیس ملازم کے صرف ایک بیٹے کی شادی کیلئے 10 ہزار روپے گرانٹ دی جاتی تھی جو اب بڑھا کر 50 ہزار روپے کردی گئی ہے اور اب پولیس ملازم کے دو بیٹوں یا بیٹیوں کی شادی کیلئے گرانٹ فراہم کی جائے گی۔اے آئی جی ویلفیئر کے مطابق سندھ پولیس کے شہید ملازمین کے بھی دو بچوں کیلئے خصوصی شادی گرانٹ فراہم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر رضوان نے بتایا کہ ماضی میں نکاح نامہ جمع کرانے کی صورت میں خصوصی شادی گرانٹ دی جاتی تھی مگر اب شادی گرانٹ ایڈوانس میں ملے گی تاہم شادی ہونے کے بعد ایک ماہ کے اندر اندر پولیس ملازمین کو اصل نکاح نامہ اور دیگر دستاویزات پیش کرنا ہونگی۔