پاکستان اور ترکی کا دونوں اطراف سے مختلف شعبوں میں کوآرڈینیشن جاری رکھنے پر اتفاق

جمعرات 24 جنوری 2019 20:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جنوری2019ء) پاکستان اور ترکی نے دونوں اطراف سے مختلف شعبوں میں کوآرڈینیشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور ترکی کے درمیان ایٹمی تخفیف اسلحہ پر دو طرفہ مذاکرات کا چھٹا دور انقرہ میں ہوا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل تخفیف اسلحہ محمد کامران خان نے کی جبکہ ترکش وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل عالمی سیکیورٹی امور الپر کوسکن نے کی۔

دونوں ملکوں نے ایٹمی عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ پر تبادلہ خیال کیا۔ ترجمان کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان عالمی سیکیورٹی امور اور ہتھیاروں کے عالمی عدم پھیلاؤ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق نیوکلیئر سپلائر گروپ میں پاکستان کی رکنیت حاصل کرنے پر ترکی کی حمایت پر پاکستانی وفد نے ترکی کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان کے مطابق دونوں اطراف سے مختلف شعبوں میں کوآرڈینیشن جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔