سندھ اور بلوچستان میں بجلی کا بحران سنگین صورت اختیار کرتا جارہا ہے وفاق فوری طور پر مسائل کے حل کے لئے صوبوں کی مدد کرے، امتیازشیخ

جمعہ 25 جنوری 2019 16:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جنوری2019ء) سندھ کے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ نے کہا ہے کہ سندھ اور بلوچستان میں بجلی کا بحران سنگین صورت اختیار کرتا جارہا ہے وفاق کو چاہئے کہ اس ضمن میں فوری طور پر مسائل کے حل کے لئے صوبے کی مدد کرے ۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں بجلی کی ترسیل میں شدید کمی پر متعلقہ فورم سے رابطے پربتایاگیا کہ این ٹی ڈی سی کی 500کے وی کی لائن ٹرپ کرگئی ہے۔

امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ صوبے میں بجلی کے بحران کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سندھ اسمبلی بھی بجلی بحران سے متاثرہوئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سندھ اسمبلی کے احاطے میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ ہم بارہا کہہ چکے ہیں کہ اختیارات صوبوں کوملنے چاہئیں.انہوں نے کہا کہ این ٹی ڈی سی بجلی کاترسیلی نظام سنبھالنے میں ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے سندھ کو بجلی کے شدید بحران کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے فوگ تو پوری دنیا کا مسئلہ ہے لہذا فوگ کو بہانہ بناکر زمہ داریوں سے پہلو تہی نہیں کی جاسکتی۔وزیر توانائی سندہ امتیازشیخ نے کہا کہ بجلی کے درپیش مسائل کے حل کے لئے ایم ڈی کیالیکڑک اور سیپکو اورحیسکو کے سربراہان سے بات کی ہے اور اس سلسلے میں بجلی و پانی کی وفاقی وزارت سے بھی بجلی بحالی کیلیے جلد ہی رابطہ کرونگا۔انہوں نے بتایا کہ تھرکول پاور پراجیکٹ تکمیل کے مراحل میں ہے اور تھر کول پراجیکٹ سے بجلی پیداکرنے کے منصوبے کا افتتاح بہت جلد چیئر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کرینگے۔